اس سال کی 15 بہترین عمارتیں

کہیں ریت کے ٹیلوں تلے واقع عجائب گھر ہے تو کہیں ہوٹل کے ’ناممکن‘ کمرے اور کہیں موسم کی مناسبت سے بدلتی دفتری عمارت آنکھوں کو محظوظ کرتی نظر آتی ہے۔

 چھوٹے پیمانے پر آرکیٹیکچر کیٹیگری میں ایوارڈ   جیتنے  والا گھر اے 45 ۔ تصویر:بیارکے انگلز گروپ

ہمارے اردگرد بہت سی عمارتیں ایسی ہوتی ہیں، جنہیں دیکھ کر بے اختیار منہ سے تعریفی کلمات نکلتے ہیں۔ دنیا بھر میں ہمیں کہیں ریت کے ٹیلوں تلے واقع عجائب گھر نظر آتے ہیں تو کہیں کسی ہوٹل کے ’ناممکن‘ کمرے اور کہیں موسم کی مناسبت سے بدلتی دفتری عمارت آنکھوں کو محظوظ کرتی نظر آتی ہے۔

آرکیٹیکچر ویب سائٹ آرچ ڈیلی ڈاٹ کام کے قارئین نے بھی 15 کیٹیگریز میں چار ہزار سے زائد تعمیراتی پراجیکٹ میں سے 2019 کی چند بہترین عمارتوں کا انتخاب کیا ہے۔

اس سال بہترین عمارتیں ڈیزائن کرنے کا ایوارڈ جیتنے والوں میں جانی مانی آرکیٹیکٹ زاھا حدید اور نو آموز جیانی باٹسفرڈ بھی شامل ہیں۔     

ذیل میں منتخب شدہ 15 عمارتوں کی تصاویر دی گئی ہیں، آپ بھی دیکھیے۔

مارفیس ہوٹل

ہاسپٹلیٹی آرکیٹیکچر کیٹیگری میں ایوارڈ جیتنے والا 40 منزلہ مارفیس ہوٹل چین کے خود مختار علاقے مکاؤ میں واقع سٹی آف ڈریمز ریزورٹ کا مرکز ہے۔ اس کے بنانے والوں کا کہنا ہے کہ اس میں بڑی بڑی خالی جگہیں چھوڑنے کا مقصد ہوٹل کی اندرونی استعمال کی جگہوں کے لیے شہر کو کھلنے والی کھڑکیاں فراہم کرنا تھا۔ تصویر: زاھا حدید

اے 45

امریکی ریاست نیویارک کے شہر لینزویل میں اس کیبن کو چھوٹے پیمانے پر آرکیٹیکچر کیٹیگری میں ایوارڈ ملا۔ ایک جنگل میں بنے اس چوٹے گھر کا نام اے 45 اس لیے رکھا گیا کیونکہ یہ انگریزی حرف ’اے‘ کی طرح بنا ہوا ہے اور اس کی چھت 45 ڈگری کے زاویے پر ہے۔ تصویر: بیارکے انگلز گروپ

یو سی سی اے ڈیون آرٹ میوزیم

شمالی چین کے ساحل بوہائے کے ساتھ ریت کے ٹیلوں کے نیچے واقع اس میوزیم نے ثقافتی آرکیٹیکچر کی کیٹیگری میں ایوارڈ جیتا۔ یہ غاروں کے نیٹ ورک کی طرح بنا ہوا ہے اور بنانے والوں کا ارادہ ’خلا کی بنیادی اور بےوقتی شکلوں‘ کی طرف واپس جانا تھا۔ تصویر:اوپن آرکیٹیکچر

اماکیولاڈا اینڈ چیا ڈی گراکا چیپل

پولینڈ کے شہر براگا میں اپنی اصل شکل میں بحال کیا گیا اماکیولاڈا اینڈ شایا ڈی گریکا چیپل اس سال کی مذہبی آرکیٹیکچر کی کیٹیگری میں ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوا۔ تصویر: سیریجیئرا فانٹس

وی ہائی ہسپتال  

چین کے روایتی علاج کے وی ہائی ہسپتال نے صحت کے مراکز کی آرکیٹیکچر کیٹیگری میں ایوارڈ جیتا۔ وی ہائی کے ایک جنگل میں واقع یہ کمپلیکس کم چیزوں کے استعمال سے بنایا گیا ہے، جن میں ذیادہ تر ہلکے خاکستری پتھر، لکڑی اور ایلومینیئم شامل ہیں۔ تصویر: جی ایل اے   

مکیلین ڈسٹلری

صنعتی آرکیٹیکچر کی کیٹیگری میں سکاٹ لینڈ میں واقع مکیلین ڈسٹلری نے ایوارڈ جیتا، جوکہ 1824 سے ’مکیلین وسکی‘ بنا رہی ہے۔ تصویر: روجرز سٹرک ہاربر اور پارٹنرز

سٹریٹ میکا ویبارگ

ڈنمارک کے شہر ویبارگ میں واقع اس کھیل اور ثقافتی پروگراموں کے لیے استعمال ہونے والے گودام نے کھیل کی آرکیٹیکچر کیٹیگری میں ایوارڈ جیتا۔ اس میں سکیٹ پارک اور موسیقی کی کمپوزیشن کی ورکشاپ کے علاوہ دیگر سرگرمیوں کی بھی جگہ ہے۔ تصویر: ای ایف ایف ای کے ٹی

 سی اینڈ پی کارپوریٹ ہیڈکوارٹر

بہترین دفتر کی کیٹیگری میں آسٹریا کی ریئل اسٹیٹ کمپنی نے ایوارڈ جیتا۔ اس عمارت میں دفاتر کے اندرونی حصے شیشے کے بنے ہوئے ہیں جبکہ باہری حصے میں بنی کنکریٹ کی کھڑکیاں دھوپ اور موسم کے مطابق خود بخود ایڈجسٹ ہو جاتی ہیں۔ تصویر: اینوکیڈ   

فیوچر ٹاورز

ہندوستان کے شہر پونے میں واقع اس رہائشی ٹاور میں ایک ہزار 68 فلیٹ ہیں، جس نے اجتماعی گھروں کی کیٹیگری میں ایوارڈ جیتا۔ اس ٹاور میں 45 سے 450 مربع میٹر کے فلیٹ ہیں اور کمیونٹی کے لیے کھیلنے یا تفریح کی جگہیں ٹاور کے باہر ہونے کے بجائے اندر ہی بنائی گئیں ہیں۔ تصویر: ایم وی آر ڈی وی

ڈریم اینڈ میز

چین کے ایک ہوٹل کے دو کمروں کو بہترین اندرونی آرکیٹیکچر کا ایوارڈ ملا۔ یہ کمرے فریبِ نظر سے بھرے ہوئے ہیں جبکہ روزمرہ کے استعمال کی چیزیں جیسے بستر اور بجلی کے آلات کیبنٹ اور دروازوں کے پیچھے چھپائے گئے ہیں۔ تصویر: سٹوڈیو 10

کول ڈراپز یارڈ

لندن کے کنگز کراس میں واقع اس شاپنگ مال نے کمرشل آرکیٹیکچر کی کیٹیگری میں ایوارڈ جیتا۔ مال بنانے والی کمپنی نے 1850 کی دہائی میں استعمال ہونے والی ایسی دو ریلوے کی عمارتوں کو مال میں تبدیل کیا جہاں شمالی برطانیہ سے لایا گیا کوئلہ رکھا جاتا تھا۔ تصویر: ہیدرویک سٹوڈیو

بریک کیو

بہترین گھر کی کیٹیگری میں ہنوئی، ویت نام میں واقع اس جدید گھر کو ایوارڈ ملا، جو ایک غار کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ تصویر: ایچ اینڈ پی آرکیٹیکٹس

مایا سومایا لائبریری، شاردہ سکول

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں اینٹوں کی بنی اس لائبریری نے تعلیمی آرکیٹیکچر کی کیٹیگری میں ایوارڈ جیتا۔ تصویر: سمیپ پدورہ اینڈ اسوسییٹس

ہاوس ان اے گارڈن

لندن کے علاقے ناٹنگ ہیل میں واقع اس گھر نے اپلایڈ پراڈکٹ کی کیٹیگری میں جیتا۔ اس گھر کی چھت تانبے کی بنی ہے اور یہ زیادہ تر زیرِ زمین ہے، بیڈروم بیسمینٹ میں ہیں اور ایک سویمنگ پول زیرِ زمین ہے۔  تصویر: جیانی باٹسفورڈ

ایس ای ایس سی 24 ڈی مایو

برازیل کے شہر ساو پائولو میں ایس ای ایس سی عوامی آرکیٹیکچر میں جیتا۔ اس عمارت میں مختلف منزلیں ثقاتی اور کھیل کی سرگرمیوں اور ریسٹورانٹ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ تصویر: ایم ایم بی بی آرکیٹیکٹز/ پالو مینڈیس دا روکا

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا