'اس سال آئی پی ایل کا انعقاد ممکن نہیں لگتا'

لیگ کے سابق چیئرمین راجیو شکلا نے کہا ہے کہ 15 اپریل کے بعد بھی ٹورنامنٹ کا انعقاد ناممکن نظر آتاہے۔

آئی پی ایل کا انعقاد 29 مارچ سے ہونا تھا لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے اسے 15 اپریل تکملتوی کردیا تھا(اے ایف پی)

 انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سابق چیئرمین راجیو شکلا نے جمعے کو ایک انٹرویو میں کہا کہ 15 اپریل کے بعد بھی ٹورنامنٹ کا انعقاد ناممکن نظر آ رہا ہے۔

شکلا نے خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا کہ سننے میں آرہا ہے کہ کرونا وبا کےسبب لاک ڈاؤن میں توسیع کی جا رہی ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے توآئی پی ایل کا انعقاد پورے سال ممکن نہیں ہو گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

'اس وقت ترجیح اس وبا سے لڑنا اور لوگوں کو اس مہلک وائرس سے محفوظ رکھنا ہے اور یہ حکومت پر منحصر ہوگا کہ وہ کیا فیصلہ کرتی ہے۔'

اس سوال پر کہ اگر ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوتا ہے تو کیا غیر ملکی کھلاڑی حصہ لے پائیں گے؟ اس پر شکلا نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایک بھی میچ ممکن نہیں۔

شکلا نے پاکستان کے سابق تیز بولر شعیب اختر کے اس بیان کو مذاق قرار دیا جس میں انہوں نے فنڈ جمع کرنے کے لیے بھارت اور پاکستان  کے درمیان تین میچوں کی سیریز کھیلنے کی بات کہی تھی۔

آئی پی ایل کا انعقاد 29 مارچ سے ہونا تھا لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ  (بی سی سی آئی) نے اسے 15 اپریل تک ملتوی کردیا تھا۔

اِس وقت بھارت میں کرونا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ بھارتی چینل 'نیوز 18' کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 591 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ ملک میں اس وبا سے اموات کی مجموعی تعداد 228  ہو چکی ہے۔

اب تک بھارت میں 6,771 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ