گرل فرینڈ سے ملنے کے لیے قرنطینہ کی خلاف ورزی کرنے والا عاشق گرفتار

آسٹریلوی پولیس کے مطابق جوناتھن ڈیوڈ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ قرنطینہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پرتھ شہر کے ایک ہوٹل سے ہنگامی دروازہ کھول کر باہر نکلے۔

(پکسابے)

آسٹریلیا میں ایک شہری کو گرل فرینڈ سے ملنے کی خاطر بار بار قرنطینہ کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ماہ کی سزا سنا دی گئی۔ 

35 سالہ جوناتھن ڈیوڈ منگل کو ایک مہینے کے لیے جیل بھیجے جانے کے بعد ملک میں لاک ڈاون قوانین کی خلاف ورزی پر سزا پانے والے پہلے شخص ہیں۔

آسٹریلوی پولیس کے مطابق جوناتھن ڈیوڈ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ قرنطینہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پرتھ شہر کے ایک ہوٹل سے ہنگامی دروازہ کھول کر باہر نکلے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انہوں نے عدالت میں بیان دیا کہ وہ پہلے کھانے کے لیے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باہر نکلے اور تھوڑی دیر بعد وہ دوبارہ اپنی گرل فرینڈ سے ملنے کے لیے باہر نکلے کیوں کہ انہیں اپنی گرل فرینڈ کی یاد ستا رہی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس کے مطابق ہنگامی راستے سے جانے کی وجہ سے وہ ہوٹل سٹاف کی نظروں سے تو بچ گئے لیکن سی سی ٹی وی کیمروں نے ان کی تمام حرکات کو محفوظ کر لیا۔

قوانین کے تحت جوناتھن ڈیوڈ کے لیے آسٹریلوی علاقے وکٹوریا سے آنے کے بعد پرتھ میں 14 دن کے لیے قرنطینہ میں رہنا لازمی تھا۔

اگر وہ ہوٹل تک ہی محدود رہتے تو انہیں سوموار کو رہا کر دیا جاتا لیکن اب انہیں پورا مہینہ جیل میں گزارنا ہو گا اس کے علاوہ انہیں دو ہزار آسٹریلوی ڈالرز کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔

آسٹریلیا میں پولیس کی جانب سے اب تک دس ہزار افراد پر لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے کے نتیجے میں جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں جن میں گلیوں میں کار ریلی میں اکٹھے ہونے والے افراد کے علاوہ ایک ہی گاڑی میں بیٹھ کر پیزا کھانے والے افراد پر کیے جانے والے جرمانے شامل ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا