موت کی وادی میں نایاب جھیل

امریکہ کے خشک ترین مقام کےعین درمیان اچانک سے ایک دس میل طویل جھیل نمودار ہوگئی ہے۔

ڈیتھ ویلی دنیا کے خشک ترین مقامات میں سے ایک ہے۔تصویر: اے ایف پی

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک خشک ترین مقام کے عین درمیان اچانک سے ایک دس میل طویل جھیل نمودار ہوگئی ہے۔

شمالی صحرائے موہاوی کا علاقہ جسے ’موت کی وادی‘ (ڈیتھ ویلی) کہا جاتا ہے، دنیا کے گرم ترین مقامات میں سے ایک ہے، جہاں موسمِ گرما کے مہینوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے۔

لیکن حالیہ شدید بارشوں اور سیلابوں کے نتیجے میں اس نیشنل پارک میں ایک جھیل بن گئی ہے، جس کی تصاویر ایلیٹ مک گیوکن نے بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

فوٹوگرافر نے یہ نایاب تصاویر سات مارچ کو اس وقت کھینچیں، جب طوفان کے باعث سیلاب نے اس علاقے کو لپیٹ میں لے رکھا تھا۔

فوٹوگرافر ایلیٹ مک گیوکن، بیڈواٹر باسن میں پانی کی ایک جھلک کو تلاش کر رہے تھے کہ انھیں پوری جھیل ہی مل گئی۔

ایس ایف گیٹ ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے مک گیوکن نے بتایا، ’دنیا کے خشک ترین مقام پر اتنا زیادہ پانی دیکھنا ایک حیران کن احساس تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’میرے خیال میں یہ تصاویر ممکنہ طور پر زیادہ منفرد ہیں۔‘

پارک انتظامیہ کے مطابق یہ جھیل اندازاً دس میل طویل ہے اور یہ صرف ایک انچ بارش کا نتیجہ ہے۔

ویدر ڈاٹ کام کے ماہر موسمیات کرس ڈولس کے مطابق مارچ میں ہونے والی 0.87 انچ بارش اس علاقے کے سالانہ اوسط 2.36  انچ کا ایک تہائی ہے۔

اگرچہ یہ بہت کم بارش ہے لیکن پھر بھی اتنے خشک موسم میں بھی پانی تیزی سے جذب نہیں ہوا۔

ڈولس نے مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا، ’چونکہ صحرا میں پانی آسانی سے جذب نہیں ہوتا، لہذا ہلکی بارش کی وجہ سے بھی ڈیتھ ویلی میں سیلاب آ سکتا ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی میگزین