ایرانی جنگی کشتیاں 'ہراساں' کریں تو مار گرائیں: ٹرمپ

امریکہ بحریہ نے گذشتہ بدھ کو کہا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی 11 گن بوٹس نے خلیج عرب میں امریکی بحریہ اور کوسٹل گارڈز کے بحری جہازوں کو ہراساں کیا تھا۔

ایران  کی جانب سے بدھ کو ایک مصنوعی سیارہ خلا میں بھیجنے کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہو گئی ہے(اے ایف پی)

 

 

پاسداران انقلاب کی جانب سے بدھ کو ایک مصنوعی سیارہ خلا میں بھیجنے کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے کوئی سیارہ خلا میں بھیجا ہو۔ 

امریکی حکام نے کہا ہے کہ یہ جاننا قبل از وقت ہو گا کہ آیا ایران نے جو مصنوعی سیارہ مدار میں چھوڑا ہے وہ آپریشنل ہے یا نہیں۔

دفاعی ماہرین کا خیال ہے کہ خلا میں بھیجا جانے والا یہ مصنوعی سیارہ ایران کے طویل فاصلے پر مار کرنے والے میزائل پروگرام کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی بحریہ جہازوں کو ’ہراساں‘ کرنے والی ایرانی جنگی کشتیوں کو تباہ کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اعلیٰ سفارت کار نے ایران پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

ایران کے اعلان کے بعد صدر ٹرمپ نے کسی مخصوص واقعے کا ذکر کیے بغیر ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا: میں نے امریکی بحریہ کو ہدایت کی ہے کہ اگر ایرانی جنگی کشتیاں سمندر میں امریکی بحری جہازوں کو ہراساں کریں تو انہیں تباہ کر دیا جائے۔

گذشتہ بدھ کو امریکہ بحریہ نے کہا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی 11 گن بوٹس نے خلیج عرب میں امریکی بحریہ اور کوسٹل گارڈز کے بحری جہازوں کے قریب 'خطرناک اور ہراساں کرنے' کی کارروائی کی۔

دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ گذشتہ ہفتے پیش آنے والے واقعے کا ذمہ دار امریکہ ہے۔

2018 میں ایران کے ساتھ عالمی ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں شدت آ گئی تھی اور امریکہ نے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ 

اس سال جنوری میں ایران کے طاقت ور ترین جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد دو طرفہ کشیدگی انتہا کو پہنچ گئی۔ ایران نے امریکی اقدام کا جواب مغربی عراق میں واقع امریکی فوجی اڈے پر بلِسٹک میزائلوں کے حملے سے دیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ