جب امریکی کمانڈوز نے افغانستان کے ایک گاؤں میں خفیہ کارروائی کی

امریکی نیوی سیلز نے ایک گاؤں پر چھاپہ مار کر طالبان سے تعلق رکھنے والے حقانی نیٹ ورک کے مشتبہ ارکان کو حراست میں لے لیا۔

یہ کارروائی رواں سال کے آغاز میں ایک امریکی ٹھیکے دار کے اغوا کے بعد کی گئی تھی (اے ایف پی/ فائل فوٹو)

امریکی کمانڈوز (نیوی سِیلز) نے افغانستان کے ایک گاؤں پر چھاپہ مار کر طالبان سے تعلق رکھنے والے حقانی نیٹ ورک کے مشتبہ ارکان کو حراست میں لے لیا۔

یہ کارروائی رواں سال کے آغاز میں ملک میں ایک امریکی ٹھیکے دار مارک آرفریرکس کے اغوا کے بعد کی گئی تھی۔ امریکی خفیہ ادارے نے ٹھیکے دار اور انہیں اغوا کرنے والوں کے موبائل فونز کو ٹریک کرنے کی کوشش بھی کی۔

تاہم تاحال یہ واضح نہیں کہ مارک کو کن حالات میں اغوا کیا گیا۔

گذشتہ کئی مہینوں میں متعدد امریکی حکام نے رپورٹ نہ ہونے والے اس آپریشن کا ذکر کیا، جس سے مارک کو تلاش کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر روشنی پڑتی ہے۔

اغوا ہونے والے ٹھیکے دار کا تعلق امریکی ریاست اِلینائے سے ہے۔ ان کے اغوا کی وجہ تاحال راز ہے اور امریکہ میں ان کے کیس پر زیادہ بات نہیں کی جاتی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تازہ تفصیلات اُس وقت سامنے آئیں جب کابل میں ہونے والی خانہ جنگی کی وجہ سے گذشتہ ماہ امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والا امن معاہدہ خطرے میں پڑ گیا۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق واشنگٹن نے کابل پر طالبان قیدیوں کی رہائی کے لیے زور دیا ہے۔ یہ رہائی امن معاہدے میں شامل ہے۔

سرکاری سطح پر کوئی ایسا اشارہ نہیں دیا گیا کہ ٹھیکے دار مارک کا، جو امریکی بحریہ کے سابق اہلکار بھی ہیں، معاملہ امریکہ اور طالبان رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کا یا اُن کی رہائی کسی امن معاہدے کا حصہ ہے۔

امریکی کنٹریکٹر کی بہن شرلین کیکورا نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ طالبان نے ان کے بھائی کو جنوری میں اغوا کیا تھا اور فروری میں امریکہ کا طالبان کے ساتھ امن معاہدہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی اس معاہدے کا حصہ نہیں تھے۔ ایک مغوی امریکی شہری کی رہائی کو اس معاہدے کا حصہ کیوں نہیں بنایا جا سکتا؟

مارک کے والد آرٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ انہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرخارجہ مائیک پومپیو پر اعتماد ہے لیکن انہیں چاہیے کہ وہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے والے اپنے لوگوں سے کہیں کہ جب تک ان کا بیٹا گھر نہیں پہنچ جاتا امریکہ کوئی گرین سگنل نہیں دے گا۔

پینٹاگون اور امریکہ سپیشل آپریشن کمانڈ نے کنٹریکٹر کی رہائی کے لیے کمانڈوز کے چھاپے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

تاہم ایف بی آئی کی قیادت میں کام کرنے والے 'ہاسٹیج ریکوری فیوژن سیل' نے ایک بیان میں کہا کہ وہ مارک سمیت اغوا کیے گئے تمام امریکی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا