منی ہائسٹ: پاکستانی ہیکر بننے والے بھارتی اداکار پاکستانیوں کے شکر گزار

بھارتی ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ اجے جیٹھی نے سیریز کے چوتھے سیزن میں شاکر نامی پاکستانی ہیکر کا کردار ادا کرتے ہوئے مرکزی کردار 'پروفیسر' کی مدد کی تھی۔

نیٹ فلکس کی شہرہ آفاق ویب سیریز 'منی ہائسٹ' میں پاکستانی ہیکر کا کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار اجے جیٹھی  اپنے پاکستانی پرستاروں کی جانب سے ملنے والے پیغامات پر تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔

اجے جیٹھی نے 'منی ہائسٹ' کے چوتھے سیزن میں شاکر نامی پاکستانی ہیکر کا کردار ادا کرتے ہوئے مرکزی کردار یعنی ڈکیتی کرنے والے گروہ کے سرغنہ اور ماسٹر مائنڈ 'پروفیسر' کی مدد کی تھی۔

سپین کے شہر بارسلونا سے انڈپینڈنٹ اردو کو سکائپ پر انٹرویو دیتے ہوئے اجے جیٹھی نے بتایا: '4 اپریل کو 'منی ہائسٹ' سیریز میں جیسے ہی میرے کردار والی قسط نشر ہوئی تو مجھے بھارت، پاکستان اور دیگر ممالک سے پیغامات آنا شروع ہوگئے۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا: 'بھارتی کمیونٹی کی طرف سے تو اس لیے پیار ملا کیونکہ میں بھارتی ہوں، لیکن پاکستانی پرستار اس لیے بہت خوش تھے کہ میں نے اتنی بڑی سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔'

اجے نے مزید کہا کہ 'پاکستانیوں کے پیغامات پر 'دھنے واد' اور 'تھینکس' جیسے الفاظ بہت ہی چھوٹے ہیں۔ میں پاکستانیوں کا دل سے شکرگزار ہوں۔'

’منی ہائسٹ‘ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آن لائن صارفین کی جانب سے دیکھی جانے والی مقبول ترین ویب سیریز سمجھی جاتی ہے اور اس کے تیسرے اور چوتھے سیزن میں پاکستان کا تذکرہ آچکا ہے۔

 2014 سے سپین میں مقیم 38 سالہ اجے جیٹھی کا تعلق بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع پٹیالہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے ہے۔

اجے جیٹھی نے کئی ہندی اور پنجابی فلموں بشمول 'بھارت'، 'وار' اور 'دبنگ تھری' میں اداکاری کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے منی ہائسٹ کے پروڈیوسر الیکس پینا کے ساتھ 2014 میں بننے والی ہسپانوی زبان کی فلم 'کمیکیز' میں بھی کام کیا۔

سیریز کے اگلے سیزن میں اپنے کردار کے حوالے سے سوال پر اجے کا کہنا تھا کہ 'ابھی تک اس بارے میں کچھ معلوم نہیں کہ اگلا سیزن بنایا جائے گا یا نہیں اور اگر ہوا تو اس میں میرا کردار ہوگا یا نہیں۔ مجھے ابھی تک مینیجر کی طرف سے ایسا کوئی پیغام نہیں ملا ہے۔'

مکمل انٹرویو یہاں دیکھیے:

 

زیادہ پڑھی جانے والی فن