'ڈر ہے بورڈ کا امتحان نہ دیا تو بابا کا خواب ٹوٹ جائے گا'

کرونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں بورڈ کے امتحانات منسوخ ہونے کے بعد سوات کے طلبہ میں بڑی تشویش پائی جاتی ہے۔

حکومتِ پاکستان نے کرونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں بورڈ کے امتحانات منسوخ کر دیے ہیں جس پر سوات کے طلبہ میں بڑی تشویش پائی جاتی ہے۔

پہلی کلاس سے سکول میں پوزیشن لینے والی نویں کلاس کی طالب علم گلالئی وطن اس پیش رفت سے پریشان ہیں۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ 'میرے لیے بورڈ کا امتحان دینا بہت ضروری تھا کیونکہ میں پہلی کلاس سے پوزیشن لیتی آ رہی ہوں۔ یہ میرا پہلا بورڈ کا امتحان تھا اور اس کے ذریعے پتہ چلتا کہ مجھے سائنس دان بننے کا اپنا خواب  پورا کرنے کے لیے مزید کتنی محنت کی ضرورت ہے۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ خوف زدہ ہیں کہ کہیں امتحان نہ دینے کی وجہ سے ان کا خواب چکنا چور نہ ہو جائے۔ 'میں دعا کرتی ہوں کہ جلد سے جلد کرونا وبا ختم ہو جائے اور ہم امتحان دے سکیں۔'

تاہم سوات کے تعلیمی بورڈ کے چیئرمین نبی شاہ کی نظر میں امتحان سے زیادہ طلبہ کی جان اہم ہے۔

'اکثربچے اس فیصلے کے لیے تیار نہیں تھے، اسی لیے کافی طلبہ مجھے فون کر کے اپنی تشویش ظاہر کرتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ ان کی تشویش بجا لیکن ہمارے لیے ان کی جان پیاری ہے۔'

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایک باپ کی طرح ہوتی ہے اور وہ جو بھی فیصلہ کرے وہ عوام کی بہتری کے لیے ہوتا ہے۔

سیکنڈ ایئر کے طاب علم سلمان خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ لاک ڈاؤن کے باعث ان کے ذہن پر بہت برا اثر پڑا، جس کی وجہ سے وہ پڑھائی سے دور رہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اب اگر وہ یونیورسٹی بھی جائیں گے تو وہاں پر بہت مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا۔

سوات یونیورسٹی میں لیکچرار رفیع اللہ نے اس حوالے سے بتایا کہ اس بار انہیں یونیورسٹی میں نئے داخل ہونے والے طلبہ کے ساتھ بہت زیادہ محنت کرنا پڑے گی کیونکہ لاک ڈاؤن کے باعث اکثر طلبہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس