چین اور بھارت کے درمیان ثالثی کرنے کے لیے تیار ہیں: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین اور بھارت کے درمیان بارڈر پر جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

چین اور بھارت کے درمیان حالیہ دنوں میں ہمالیہ کی سرحد پر کشیدگی بڑھی ہے (اے ایف پی/ پی آئی بی)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین اور بھارت کے درمیان بارڈر پر جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

لداخ میں اصل (ایکچول) لائن آف کنٹرول پر حالات کشیدہ بتائے جاتے ہیں۔ بھارتی اور چینی فوجی گلوان وادی، پینگ گانگ، تسو، ڈیمچک اور دولت بیگ اولڈی کے مقامات پر آمنے سامنے آنکھوں میں آنکھیں ڈالے ہوئے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’ہم نے چین اور بھارت سے کہا ہے کہ امریکہ ان کے درمیان بارڈر پر تنازع کو حل کرنے کے لیے تیار، رضامند اور اس کے قابل بھی ہے۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے اس علاقے میں دفاعی سرگرمیوں اور چینی ٹرکوں میں ہتھیاروں کی نقل و حرکت سے تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔

امریکہ اس سے قبل جنوری میں بھی ایک اور متنازع علاقے کشمیر کے حل کے لیے ’مدد‘ کی پیش کش کر چکا ہے۔

تاہم بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 2019 میں اسی طرح کی امریکی پیش کش کو مسترد کر دیا تھا۔

گذشتہ سال جولائی میں بھارت وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ سے کشمیر پر کبھی مدد کرنے کو نہیں کہا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لیکن صدر ٹرمپ نے اس وقت بھی صحافیوں سے کہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ان سے کشمیر کے مسلے میں ثالثی کرنے کا کہا ہے۔

پاکستان نے چین اور بھارت کے درمیان مشرقی لداخ میں سرحدی کشیدگی کا ذمہ دار بھارت کو ٹھرایا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ پاکستان کو بھارت سے فالس فلیگ آپریشن کا خطرہ ہے جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی ہمسایہ ممالک کی جانب جارحانہ پالیسی خطے کے امن و استحکام کو خطرہ قرار دیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’نازیوں کی لیبینزورم (لیونگ سپیس) کی طرح ہندوتوا کے خمیر سے جنم لینے والی مودی سرکارکی توسیع پسندانہ پالیسیاں بھارت کے ہمسایوں کے لیے مسلسل خطرہ ہیں۔‘

’شہریت کے قانون سے بنگلہ دیش تو ایک جعلی کارروائی (فالس فلیگ آپریشن) سے پاکستان کو خطرہ ہے جبکہ نیپال/چین کے ساتھ سرحدی تنازعات صورتحال کی سنگینی کو ہوا دے رہے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا