پی ایس ایل لائیو اسٹریمنگ تنازع: رائٹس ہولڈر کی پی سی بی سے معذرت

ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای نے پی سی بی کے علم میں لائے بغیر پی ایس ایل 2020  کی لائیو سٹریمنگ کے رائٹس شرطیں لگانے والے برطانوی ادارے کو فروخت کردیے تھے۔

(فائل تصویر: اےایف پی)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے میڈیا رائٹس رکھنے والی کمپنی ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ نے ایونٹ کی لائیو سٹریمنگ کے رائٹس فروخت کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اظہار افسوس اور معذرت کرتے ہوئے فریقین کے مابین تنازع کا مناسب حل تلاش کرنے پر زور دیا ہے۔

کمپنی نے اپنے بیان میں کہا: 'ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای تسلیم کرتا ہے کہ وہ مخصوص سب لائسنسنگ کے سلسلے میں پی سی بی سے پیشگی اجازت طلب کرنے میں فعال نہیں رہا اور اس دوران یہ تمام عمل پی ایس ایل فائیو کے لائیو اسٹریمنگ رائٹس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی روح اور شقوں کے مطابق نہیں رہا۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مزید کہا گیا: 'ہم پی سی بی سے اظہار افسوس کرنے کے ساتھ ساتھ معافی طلب کرتے ہیں اور اس معاملے پر ان کی ہمدردانہ نظر کے منتظر ہیں۔'

ردعمل کے طور پر پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا: 'ہم رائٹس ہولڈر کی معذرت اور ان کی پیش کردہ وضاحت کو سراہتے ہیں۔ اپنی طرف سے مزید محتاط رہنے کے لیے پی سی بی سخت اقدامات اٹھانے کا خواہاں ہے اور اندرونی چھان بین کے عمل اور طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے اور اپنے شراکت داروں کی بہتر رہنمائی کے سلسلے میں واضح گائیڈ لائنز کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔'

واضح رہے کہ مذکورہ میڈیا رائٹس کمپنی نے پی سی بی کے علم میں لائے بغیر پی ایس ایل فائیو کی لائیو سٹریمنگ کے رائٹس شرطیں لگانے والے برطانوی ادارے کو فروخت کردیے تھے۔

پاکستان میں شرطیں لگانے یا جوئے کی کوئی بھی قسم غیرقانونی سمجھی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ معاملہ سامنے آنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے مذکورہ کمپنی سے استفسار کیا تھا کہ اس نے پی سی بی کے علم میں لائے بغیر کسی ادارے سے لائیو سٹریمنگ کا معاہدہ کیوں کیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ