بجلی کے شدید بحران سے نمٹنے کے لیے ’خدائی‘ مدد طلب

سری لنکا میں بجلی بورڈ نے بحران کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے مقدس درخت پر چڑھاوے کے لیے وفد بھیج دیے۔

تصویر: اے ایف پی

سری لنکا نے ملک میں بجلی کے شدید بحران سے نمٹنے کے لیے خدائی مدد طلب کر لی ہے۔

سری لنکا میں خشک سالی کے سبب پانی سے بجلی کی پیداوار شدید متاثر ہوئی ہے اور دارالحکومت کولمبو کو چھوڑ کر رواں ہفتے  پورے ملک کے طول وعرض میں بجلی کا شدید بحران ہے۔

شدید لوڈ شیڈنگ  سے بے حال لوگ گرمی میں راتیں سڑکوں پر گزار رہے ہیں جبکہ کئی نجی کمپنیوں نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے جنریٹرز کے لیے  پیٹرول جمع کر لیا ہے۔

ایسے میں سیلون الیکٹریسٹی بورڈ نے بارش کی امید میں انورادھا پورہ میں واقع بدھ مت کے لیے مقدس درخت ’شری مہا بدی‘ کو پانی اور چڑھاوے دینے کے لیے وفد بھیج دیے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ بھکشوں کا دم کردہ پانی گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں بدی بھیجا گیا۔

بدی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ اُس درخت کے بیج سے اگا جس کے نیچے 2500 سال پہلے بدھا نے روحانیت حاصل کی۔

بورڈ کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ ’ آج بدی پر چڑھاوے دیے جائیں گے اور رات بھر مذہبی تقریبات کے بعد کل بدھ بھکشوؤں کو کھانا کھلایا جائے گا۔‘

دو کروڑ دس لاکھ آبادی والے سری لنکا میں انتہائی مقدس بدی کی حفاظت کے لیے بھاری اسلحے سے لیس سکیورٹی اہلکار دن رات تعینات رہتے ہیں۔

بورڈ نے کئی ناکامیوں کے بعد رواں ہفتے مصنوعی طریقے سے بارش کی کوششیں ترک کر دی تھیں۔

سری لنکا میں ایک چوتھائی بجلی پانی سے پیدا ہوتی ہے لیکن اس مرتبہ مون سون میں ناکافی بارشوں کے بعد  یہ پیداوار تقریباً صفر ہو چکی ہے۔

 بجلی کے موجودہ بحران سے 1996 کے بدترین بحران کی یاد تازہ ہو گئی جب پورا ملک مسلسل چار دن تک بجلی سے محروم رہا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا