مانچسٹر یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر آئی سی سی کے نئے سربراہ

آئی سی سی کی توجہ براڈ کاسٹنگ سے ملنے والی آمدنی پر، نئے چیف ایگزیکٹیو ای ایس پی این سٹار سپورٹس کے مینیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں۔

مانو سانھے۔ تصویر بشکریہ آئی سی سی 

بھارتی نژاد میڈیا ایگزیکٹیو مانو سانھے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو مقرر ہو گئے ہیں۔

ای ایس پی این سٹار سپورٹس کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور فٹبال جائنٹ مانچسٹر یونائیٹڈ کے نان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مانو جنوبی افریقہ کے سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر ڈیو رچرڈسن کی جگہ سنبھالیں گے۔

مانو دبئی میں آئی سی سی کے صدر دفتر میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے پچھلے چھ ہفتوں سے رچرڈ سن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، آئی سی سی کے فیصلے سے پتہ چلتا ہے کہ مستقبل میں اس کی بھرپور توجہ براڈ کاسٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی پر مرکوز ہو گی اور اسی لیے دوسرے کھیلوں کی طرح آئی سی سی نے بھی اپنے امور کی دیکھ بھال کسی سابق کھلاڑی کے بجائے ایک کاروباری شخصیات کو دی ہے۔

آئی سی سی نے ٹی وی براڈ کاسٹنگ سے ہونے والی آمدنی کے اعداد و شمار تو شیئر نہیں کیے لیکن ذرائع کا خیال ہے کہ رواں سال ورلڈ کپ سے اسے ریکارڈ آمدنی ہو گی۔

حالیہ سالوں میں سٹار سپورٹس ایک اہم کرکٹ براڈ کاسٹر کے طور پر سامنے آیا ہے۔

مانو نے ایک بیان میں انگلینڈ میں ورلڈ کپ کے انعقاد تک ذمہ داریاں نبھانے والے رچرڈسن کے سات سالہ دور کی تعریف کی۔

’مجھے خوشی ہے کہ وہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے اختتام تک ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے اور کرکٹ کے اتنے بڑے ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے ان سے بہتر شخص کوئی نہیں‘۔

رچرڈسن نے بطور جنرل مینیجر کرکٹ آپریشنز  آئی سی سی میں اپنا کیریئر شروع کیا تھا لیکن 2012 میں جنوبی افریقہ کے ہارون لوگارٹ کے عہدہ چھوڑنے پر انہیں چیف ایگزیکٹیو بنا دیا گیا۔

رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ’میں آئی سی سی میں گزارے وقت سے خوب لطف اندوز ہوا ہوں اور حالیہ وقتوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر مجھے بہت خوشی ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل