اسرائیلی مشن چاند پر لینڈنگ کی کوشش کے دوران تباہ

مشن کی ناکامی کی وجہ خلائی جہاز ’بیری شیٹ‘ کے مرکزی انجن میں خرابی بتائی جارہی ہے۔

 تباہ ہونے سے قبل بیری شیٹ نے اپنی ایک  سیلفی بھی لی، جس کے پس منظر میں چاند کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: بشکریہ سپیس آئی ایل

اسرائیل کا چاند کی سطح پر اترنے کا مشن اُس وقت ناکام ہوگیا جب اس کا خلائی جہاز ’بیری شیٹ‘ (Beresheet) لینڈنگ کے دوران تباہ ہوگیا۔

بیری شیٹ کے معنی ’آغاز‘ کے ہیں، جو نجی کمپنی اسپیس آئی ایل اور اسرائیل ایروسپیس انڈسٹریز کا مشترکہ پروجیکٹ تھا۔

اس مشن کا آغاز رواں برس فروری میں کیا گیا تھا اور خلائی جہاز کو سپیس ایکس فالکن 9 راکٹ کی مدد سے خلا میں بھیجا گیا تھا۔

اسرائیلی کمپنی سپیس آئی ایل (SpaceIL) نے اپنے بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی یہ کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

اسرائیل کے ایروسپیس انڈسٹریز سپیس پروگرام کے جنرل مینیجر اوفر ڈورون نے کہا: ’ہمارا خلائی جہاز ناکام ہوگیا ہے، بدقسمتی سے ہم کامیابی سے چاند کی سطح پر لینڈ نہیں کرسکے۔‘

اگر یہ مشن کامیاب ہوجاتا تو اسپیس آئی ایل، چاند کی سطح پر اترنے والی پہلی نجی کمپنی بن جاتی، اس سے قبل امریکہ، چین اور سابق سوویت یونین کی جانب سے چاند کی سطح پر اترنے کا کارنامہ سرانجام دیا جاچکا ہے۔

مشن کی ناکامی کی وجہ خلائی جہاز کے مرکزی انجن میں خرابی بتائی جارہی ہے۔

تاہم ناکامی کے باوجود بیری شیٹ چاند کے مدار تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا، اس سے قبل یہ کامیابی صرف چھ  ممالک کو ہی حاصل ہوئی ہے۔

تباہ ہونے سے قبل بیری شیٹ نے اپنی ایک سیلفی بھی لی، جس کے پس منظر میں چاند کو دیکھا جاسکتا ہے۔

اسپیس آئی ایل کے صدر مورس کہن نے اس حوالے سے کہا: ’اگرچہ ہم اس میں کامیاب نہیں ہوسکے، لیکن ہم نے کوشش ضرور کی اور میرے خیال میں وہاں تک جانا، جہاں ہم گئے، شاندار ہے۔ میرا خیال ہے کہ ہم اس پر فخر کرسکتے ہیں۔‘

امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے بھی سپیس آئی ایل کی حوصلہ افزائی کی۔

ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جم برائیڈن سٹائن نے ٹویٹ کی: ’ناسا کو اس بات پر افسوس ہے کہ ٹیم سپیس آئی ایل کا مشن چاند پر کامیاب لینڈنگ نہیں کرسکا، لیکن ہم نجی فنڈنگ کے ساتھ پہلا مشن چاند کی طرف بھیجنے پر سپیس آئی ایل، اسرائیل ایروسپییس انڈسٹریز اور اسرائیلی حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔‘

 

زیادہ پڑھی جانے والی سائنس