کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ مٹی کا طوفان، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے

گذشتہ رات آنے والے گرد آلود طوفان کی رفتار تقریباً 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، شوبز سٹارز سمیت دیگر لوگ سوشل میڈیا پر طوفان کے تذکرے کرتے نظر آئے۔

پاکستانی کے معاشی حب کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ آنے والے مٹی کے طوفان نے پورے شہر کو گرد آلود کردیا جبکہ بیشتر مقامات پر سائن بورڈز اور درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے۔

گذشتہ رات آنے والے گرد آلود طوفان کی رفتار تقریباً 50 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں شہر کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن بھی ٹرپ کرگئی اور بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

دوسری جانب جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازوں کی آمدورفت کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

سوشل میڈیا پر لوگ کراچی میں آنے والے مٹی کے طوفان کے تذکرے کرتے نظر آئے۔

دوسری جانب شوبز سٹارز اور اہم شخصیات نے بھی اپنی ٹوئیٹس میں طوفان کی شدت کے بارے میں بتایا۔

پاکستانی گلوگار، میزبان اور حال ہی میں ’مشن پرواز‘ کے تحت دنیا کا چکر لگانے والے فخر عالم نے لکھا: ’میرے پڑوسیوں کے گھر کے باغ میں رکھا فرنیچر تیز ہواؤں کے باعث اڑتا ہوا ان کی گاڑی کی ونڈسکرین پر جالگا، جس سے وہ ٹوٹ گئی۔‘

ساتھ ہی انہوں نے ہدایت کی: ’برائے مہربانی اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے اردگرد کوئی ایسی چیز نہ ہو، جو ہوا کے ساتھ اڑ سکے۔‘

گلوگار شہزاد روئے نے اپنی گاڑی کی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا: ’ میرے گیراج میں کھڑی گاڑی کا حال، آپ اندازہ کرسکتے ہیں کہ باہر کیا ہو رہا ہوگا۔‘

اداکارہ نادیہ جمیل جو اِن دنوں کراچی میں اپنے کسی پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’ مٹی کے طوفان کے دوران شوٹنگ۔‘

صحافی شازیہ حسن نے کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ تیز ہواؤں سے کراچی پریس کلب میں لگا ایک پرانا درخت جڑ سے اکھڑ کر زمین پر آگرا۔

ایک طرف تو لوگ طوفان سے ہونے والی پریشانی کا حال بتاتے نظر آئے، وہیں کچھ لوگوں نے اس موقع پر بھی اپنی حسِ مزاح کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے دلچسپ میمز شیئر کیں اور یہ دکھانے کی کوشش کی کہ گرد آلود طوفان کے باعث کراچی کے شہریوں کا کیا حال ہوگیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان