انٹرنیشنل کرکٹرز کی آئی پی ایل سے واپسی شروع

انٹرنیشنل کھلاڑی ورلڈ کپ کھیلنے کے بہت جلد اپنی آئی پی ایل ٹیموں کو چھوڑ جائیں گے۔

تصویر: اے ایف پی

انڈین پریمیئر لیگ کا رواں سیزن کئی تنازعات کے بعد اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہونے کو ہے، جہاں اسے ایک اور بڑی مشکل کا سامنا ہے۔

مشکل یہ پڑنے والی ہے کہ اس میں شریک انٹرنیشنل کھلاڑی اور خاص طور پر اِن فارم پلیئرز ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے اپنے اپنے قومی سکواڈ میں شامل ہونے کے باعث لیگ چھوڑ کر جانے والے ہیں۔

آئی پی ایل ٹیمیں اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل کھلاڑیوں سے رابطے تو کر رہی ہیں لیکن ایک ایسے وقت میں جب ٹیموں کو پلے آف مرحلہ کھیلنا ہے نئے سرے سے کامبینیشن بنانا کافی مشکل ہو سکتا ہے۔

جانے والے کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جانی بیرسٹو، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ جبکہ ویسٹ انڈیز کے جارحانہ آل راؤنڈر آندرے رسل شامل ہیں۔

بیرسٹو اس سیزن ڈیوڈ وارنر کے ساتھ سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔

اِن فارم بیرسٹو حیدرآباد کے لیے بہت اہم ہیں کیونکہ وہ دس میچوں میں اب تک 445 رنز سکور کر چکے ہیں۔

وارنر کے بارے میں بھی خیال ہے کہ وہ آئندہ ہفتے آئی پی ایل کو خیرباد کہہ کر ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم سے جا ملیں گے۔

وارنر پابندی کے بعد کرکٹ دنیا میں واپس آکر آئی پی ایل کے رواں سیزن میں اب تک 547 رنز بنا کر ٹاپ سکورر ہیں۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے باقاعدہ میچوں کا آغاز 30 مئی سے ہو رہا ہے جبکہ آئی پی ایل کا فائنل 12 مئی کو کھیلا جائے گا۔ ایسے میں تقریباً تمام ہی فرنچائزوں کو مشکل پیش آنے والی ہے۔

سپورٹس صحافی ایاز میمن نے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے جانے کے بارے میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’اس کا اچھا خاصا اثر ہوگا‘۔

’اگر آپ جانی بیرسٹو، ڈیوڈ وارنر اور ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر آندرے رسل کو دیکھیں تو ایسا محسوس ہوگا کہ وہ اپنے ساتھ چمک دمک اور سٹار ویلیو بھی لے جائیں گے۔‘

 ایاز میمن سمجھتے ہیں کہ یہ بھارتی ٹیلینٹ کے لیے ایک موقع ہو سکتا ہے کہ وہ خود کو منوا سکیں۔

آئی پی ایل سے جانے والے دوسرے عالمی کھلاڑیوں میں کوئنٹن ڈی کاک، جاز بٹلر( پہلے ہی جا چکے ہیں)، بین سٹوکس، جوفرا آرچر، معین علی اور عمران طاہر شامل ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ