’مجھے خود یقین نہیں آتا کہ میں اتنا جوان ہوں‘ 

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہیں معلوم ہے کہ وہ تمام صدارتی امیدواروں کے مقابلے میں جوان ہی لگتے ہیں۔

فائل تصاویر: روئٹرز 

صحافیوں سے گفتگو کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ بہت جوان ہیں اور انہیں خود یقین نہیں آتا کہ وہ ’اتنے جوان  ہیں۔‘

یہ بیان انہوں نے گذشتہ روز 2020 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ان کے ممکنہ حریف 76 سالہ جو بائڈن کی طرف اشارہ کرتے دیا۔

سابق نائب صدر جو بائڈن کا صدارتی انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہونے کے اعلان کے بارے میں وائٹ ہاوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران 72 سالہ صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ ’صدر بننے کے لیے سب سے زیادہ عمر کیا ہے؟‘

اس پر صدر ٹرمپ نے جواب دیا: ’میں بالکل ایک جوان فرد کی طرح محسوس کرتا ہوں۔ میں اتنا جوان ہوں۔ مجھے یقین نہیں ہوتا، میں سب سے جوان ہوں۔‘

صدر ٹرمپ امریکہ کی تاریخ میں صدارت سنبھالنے والے سب سے عمر رسیدہ شخص ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: ’میں ایک جوان اور جوشیلا مرد ہوں۔ میں جو (بائڈن) کو دیکھتا ہوں، مجھے ان کے بارے میں نہیں پتا۔ مجھے نہیں معلوم۔ میں کبھی نہی کہوں گا کہ کوئی بہت زیادہ عمر کا ہے، لیکن مجھے یہ معلوم ہے کہ ان سب  (صدارتی امیدواروں) کے مقابلے میں میں جوان ہی لگتا ہوں، عمر میں بھی اور قوت میں بھی۔‘

صدر ٹرمپ کے اس دعوے کے برعکس، ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی کے امیدواروں میں سے صرف برنی سینڈرز اور جو بائڈن ان سے بڑی عمر کے ہیں۔ 37 سالہ پیٹ بوٹیگیگ، جن کے بارے میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ان کے ڈیموکریٹک نامزدگی جتینے کے حق میں ہیں، سب سے کم عمر امیدوار ہیں۔

76 سالہ جو بائڈن 2009 سے 2017 تک امریکہ کے نائب صدر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے جمعرات  کو امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اپنی مہم کا آغاز کیا۔

 ان کی مہم  کی جانب سے ایک اعلان کے مطابق، مہم کے آغاز کے پہلے 24 گھنٹوں میں 60 لاکھ سے زائد عطيات حاصل ہوئیں جو اس سال امیدواروں کی مہموں کے پہلے ہی دن کی فنڈریزینگ میں رکارڈ رقم ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ