پولیس چھاپوں کی اطلاع دینے والا طوطا گرفتار

برازیل کے شہر ٹریسینا میں پولیس کی جانب سے ایک سبز پروں والے ایسے طوطے کو گرفتار کیا گیا ہے جو پولیس چھاپے کی صورت میں اپنے مالکوں کو خبردار کر دیتا تھا۔

فائل فوٹو: اے ایف پی

یوں تو طوطا ایک نہایت ذہین پرندہ سمجھا جاتا ہے اور اسی وجہ سے اسے پالنے کا رجحان بھی زیادہ دیکھنے میں آیا ہے لیکن انسانوں کے ساتھ رہ کر ان پرندوں کی ذہانت بھی اپنے ارد گرد کے ماحول سے متاثر ہونے لگتی ہے۔

برازیل کے شہر ٹریسینا میں پولیس کی جانب سے ایک سبز پروں والے ایسے طوطے کو گرفتار کیا گیا ہے جو پولیس چھاپے کی صورت میں اپنے مالکوں کو ’ممی ۔۔۔پولیس‘ کہہ کر خبردار کر دیتا تھا۔

آپریشن میں شریک ایک پولیس اہلکار کہتے ہیں کہ ’اس کو یقینی طور پر اس بات کی تربیت دی گئی تھی، ہم جیسے ہی منشیات فروشوں کے اڈے کے قریب گئے طوطے نے چلانا شروع کر دیا۔‘

طوطے کو پولیس کی جانب سے حراست میں لینے کے بعد آہنی پنجرے میں اس کی تصاویر بنائی گئی اور پھر اس کو ٹریسنیا کے چڑیا گھر منتقل کر دیا گیا۔

ایک برازیلین صحافی کے مطابق: ’یہ طوطا اپنے خاموش رہنے کے حق کا بھرپور استعمال کر رہا ہے اور ابھی تک اس نے کوئی آواز نہیں نکالی۔‘

ویٹرنری ڈاکٹر الیگزینڈر کلارک کہتے ہیں کہ ’ابھی تک کئی پولیس والے آچکے ہیں لیکن طوطے نے ایک لفظ تک نہیں کہا۔‘

پولیس کا دعویٰ ہے کہ طوطے کی مالک ’انڈیا‘ اس سے پہلے بھی دو بار منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ہو چکی ہیں۔ ان کے 30 سالہ شوہر جنہوں نے اپنا نام ’ایڈون‘ بتایا وہ بھی اسی پولیس آپریشن کے دوران کوکین رکھنے کے الزام میں گرفتار ہیں۔

برازیلین ٹی وی گلوبو کے مطابق انڈیا کی 16 سالہ بیٹی کو زیر جامہ سے چرس کی برآمدگی کے بعد پولیس کی جانب سے وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔

اس سے قبل بھی منشیات فروشوں کی جانب سے کوسٹا ریکا اور ارجنٹائن میں پرندوں کو استعمال کر کے منشیات پہنچانے کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا