’یہ کرکٹ سے محبت کرنے والی ہر خاتون کے لیے اہم دن تھا‘

مردانہ ٹیموں کے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دے کے تاریخ رقم کرنے والی خاتون امپائر کلئیر پولوسک کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور میچ کے بعد انہوں نے پُرسکون نیند کا مزہ لیا۔

 کلئیر پولوسک نے ہفتے کو نیمبیا اور عمان کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے  میچ میں فیلڈ امپائرنگ کی تھی۔تصویر: اے ایف پی

مردانہ ٹیموں کے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دے کے تاریخ رقم کرنے والی خاتون امپائر کلئیر پولوسک کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور میچ کے بعد انہوں نے پُرسکون نیند کا مزہ لیا۔

31 سالہ آسٹریلین خاتون امپائر کلئیر پولوسک نے ہفتے کو نیمبیا اور عمان کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ورلڈ کپ ڈویژن ٹو کے فائنل میچ میں فیلڈ امپائرنگ کی تھی۔

میچ کے بعد فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں پولوسک کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے اور کرکٹ سے محبت کرنےوالی ہر خاتون کے لیے اہم دن تھا۔

میچ میں امپائرنگ کے حوالے  سے  اپنے تجربے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرنا چاہتی تھیں اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔

’میدان میں تھوڑا دباؤ تھا، ٹیموں کے درمیان کچھ ہلکی پھلکی نوک جھوک جاری تھی لیکن میں نے بہتر انداز میں اس کو سنبھال لیا ۔‘

’ہر کھلاڑی نے اچھے روئیے کا مظاہرہ کیا، مجھے مرد کھلاڑیوں کے برتاو سے کوئی مسئلہ نہیں تھا۔‘

میچ کے دوران کئی اہم مواقع آئے جن میں وکٹ کے پیچھے کیچ اور ایل بی ڈبلیو کی اپیلیں شامل تھیں۔ میرا خیال ہے کہ میں نے اچھے فیصلے لیے۔ میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں اور اُس رات میں نے پُرسکون نیند کا مزہ لیا۔‘

 کلئیر جو خود کرکٹ کی کھلاڑی نہیں ہیں لیکن وہ اس سے پہلے 2017 میں بھی نیو ساؤتھ ویلز اور آسٹریلیا الیون کے درمیان سڈنی میں ہونے والے میچ میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دے چکی ہیں۔

’امپائرنگ ایک ٹیم ورک ہے۔ میں ان تمام امپائرز کا شکریہ ادا کرتی ہوں جن کے ساتھ میں نے کام کیا اور ساتھ ہی اپنی فیملی اور دوستوں کی بھی شکر گزار ہوں، کیونکہ ان کے ساتھ کے بغیر آج کا میچ ممکن نہ ہوتا۔‘

پولوسک خواتین کے درمیان کھیلے جانے والے 15 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کر چکی ہیں۔ وہ 2018 میں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان آئی سی سی وومن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور آئی سی سی وومن ورلڈ کپ 2017 میں بھی امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں۔

اسی بارے میں مزید پڑھیے؛ مردوں کے ون ڈے میچ کی پہلی خاتون ایمپائر

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل