’مجھے معلوم نہیں تھا ایسے سوال بھی پوچھیں گے‘

نجی چینل سما پر ایک پروگرام کے دوران ناصر جان کو مبینہ طور پر تضحیک کا نشانہ بنایا گیا۔

سوشل میڈیا پر مزاحیہ ویڈیوز کی وجہ سے شہرت پانے والے ناصر خان جان آج کل خود سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔

اس کی وجہ حال ہی میں پاکستانی نجی چینل سما پر ہونے والا ایک پروگرام ہے، جس میں شرکت کے دوران ان کو مبینہ طور پر تضحیک کا نشانہ بنایا گیا۔

پروگرام کے میزبان محمد شعیب نے ناصر کی سوشل میڈیا پر وائرل کچھ ویڈیوز پر خوب تنقید کی۔

ناصر خان جان نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی وی چینل سما والے گذشتہ کئی مہینوں سے انہیں مارننگ شو میں شرکت کی دعوت دے رہے تھے۔

’گذشتہ روز جب میں بطور مہمان وہاں گیا تو میزبان کی طرف سے نہایت غیر شائستہ طریقے سے مجھے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔‘

ناصر خان نے مزید بتایا کہ انہیں کبھی نہیں بتایا گیا کہ میزبان اس قسم کے سوالات پوچھیں گے۔

پروگرام میں ان کی ویڈیوز کو ’فحش‘ مواد سے بھی تشبیہ دی گئی۔ اس کے جواب میں ناصر نے بتایا کہ ان کی ویڈیوز میں کچھ بھی قابل اعتراض نہیں ہوتا۔

’فحش مواد کی تعریف پتہ نہیں لوگ کیسے کریں گے۔ میزبان نے میری ویڈیوز کو ولگر (فحش) کہا تو یہ ان کی ذاتی رائے ہو گی۔ میری ویڈیوز میں ہمیشہ لوگوں کی تفریح کا مواد ہوتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ مزاحیہ فنکار ہیں اور لوگ نجانے کیوں ان سے سنجیدہ چیزوں کے بارے میں رائے جاننے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

ناصر خان اُس وقت ابھر کر سامنے آئے جب ان کی ویڈیوز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونا شروع ہوئیں

انہوں نے بتایا کہ وہ زیادہ تر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لوگوں کے لیے سالگرہ کی ویڈیو ریکارڈ کرتے ہیں جس کا وہ معاوضہ بھی وصول کرتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ