پہلا ٹی ٹوئنٹی: ندا ڈار نے جنوبی افریقہ کو لاجواب کر دیا

ثنا میر اور ندا ڈار کی عمدہ بولنگ اور کپتان بسمہ معروف کی بہترین اننگز کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی ہے۔

تصویر: ساؤتھ افریقہ کرکٹ/ ٹوئٹر

پاکستان وومن کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شکست دے دی ہے۔

پریٹوریا میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ثنا میر کی عمدہ بولنگ، کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار کی شاندار بلے بازی کی بدولت میزبان ٹیم کو سات وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔

جنوبی افریقہ کی وومن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 120 رنز کا ہدف دیا جسے پاکستان نے باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میزبان ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو ایک مرتبہ پھر پاکستانی سٹار بولر ثنا میر نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں لے کر جوبی افریقہ پر ایسا دباؤ ڈال دیا جس سے وہ نکل نہ سکے۔

ثنا میر نے چار اووروں میں 14 رنز دے کر تین وکٹیں لیں جبکہ ندا ڈار نے دو، عالیہ ریاض اور نشرا سندھو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کولی ٹریون نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے۔

120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بھی ابتدائی دو وکٹیں صرف 29 پر گر گئی تھیں لیکن بعد میں کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار نے نصف سنچریاں سکور کر کے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروایا۔

دونوں ہی بلے بازوں نے 53، 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ بیٹنگ اور بولنگ دونوں ہی شعبوں میں اچھی کارکردگی پر ندا ڈار کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی چیمپیینز شپ کے سلسلے میں کھیلی گئی تین ایک روزہ میچوں کی سیریز برابری پر ختم ہوئی تھی۔

پہلا ایک روزہ میچ پاکستان نے جبکہ دوسرا ون ڈے جنوبی افریقہ نے جیتا تھا جس کے بعد تیسرے میچ میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کی آخری گیند پر مقابلہ برابر کر دیا تھا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ