سری لنکا سے میچ: پاکستان ’ناقابل شکست‘ رہنے کا ریکارڈ بچا سکے گا؟

برسٹل میدان اور دونوں ٹیموں کے حوالے سے چند تاریخی اور دلچسپ حقائق۔

ورلڈ کپ ایونٹس کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے میچوں  میں گرین شرٹس کاپلہ ہمیشہ  بھاری رہا (روئٹرز)

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ کپ 2019  کا گیارہواں میچ جمعہ سات جون کو برسٹل کے میدان میں کھیلا جائے گا۔

اس میدان اور دونوں ٹیموں کے حوالے سے چند تاریخی اور دلچسپ حقائق کچھ یوں ہیں۔

اس میدان پر پہلا میچ 13 جون 1983 کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ برسٹل کے اس میدان میں ابھی تک 19 ایک روزہ میچ کھیلے جا چکے ہیں۔

پاکستان نے اس میدان پر دو میچ کھیلے ہیں جس میں سے ایک میں پاکستان فاتح رہا جب کہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح سری لنکا نے اس میدان میں تین ون ڈے میچ کھیلے، دو میں اسے شکست ہوئی اور ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔

برسٹل میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیم سات بار جبکہ بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم 10 بار کامیاب ہوئی۔ اس حساب سے کہا جا سکتا ہے کہ ہدف کا تعاقب کرنے والی  ٹیم کے جیتنے کے امکانات پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کی نسبت قدرے بہتر ہوں گے۔

یہاں 15 ہزار تماشائیوں کے میچ دیکھنے کی  گنجائش ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے مقابلوں پر نظر ڈالیں تو پاکستان کا پلہ بھاری نظر آتا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا اب تک کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سات بار ایک دوسرے کے سامنے آئے اور ساتوں بار پاکستان کو فتح جبکہ سری لنکا کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا ۔

ایک روزہ میچوں کی مجموعی تاریخ کی بات کریں تو سری لنکا اور پاکستان ایک روزہ میچوں میں 153 بار مد مقابل آئے۔پاکستان 90 میچوں میں فاتح رہا جبکہ سری لنکا صرف 58 میچ اپنے نام کر سکا۔ ایک میچ ٹائی جبکہ چار میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ