شدید بارشوں سے کرکٹ ورلڈ کپ متاثر ہونے کا خدشہ

بارشوں سے سڑکیں ڈوبنے، ٹریفک کا نظام متاثر ہونے، گھروں میں سیلاب اور کچھ دیہی علاقوں سے رابطہ منقطع ہونے کا خدشہ ہے۔

جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے متاثر ۔ تصویر: روئٹرز

انگلستان میں بارشوں کی پیشگوئی سے رواں ہفتے کرکٹ ورلڈ کپ کے متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

انگلستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کے پیش نظر سیلاب کی وارننگ جاری کی جا چکی ہے اور ماہرین کے مطابق صرف ایک دن میں مہینے بھر جتنی بارش بھی ہو سکتی ہے۔

پیر سے بارشوں کا شروع ہونے والا سلسلہ جمعرات کی شب تک جاری رہ سکتا ہے جس سے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹانٹن میں میچ بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے علاوہ رواں ہفتے جمعرات تک ویسٹ انڈیز بمقابلہ جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش کا سری لنکا، اور بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچز ہوں گے جبکہ پاکستان اور بھارت کا مانچسٹر میں اتوار کو میچ بھی بارش سے متاثر ہو سکتا ہے۔ اتوار کی صبح مانچسٹر میں بارش کی پیش گوئی ہے۔

انگلستان میں ’یلو‘ وارننگ جاری کی جا چکی ہے جس کا مطلب ہے کہ بارشوں سے سڑکیں ڈوبنے، ٹریفک کا نظام متاثر ہونے، گھروں میں سیلاب اور کچھ دیہی علاقوں سے رابطہ منقطع ہونے کا خدشہ ہے۔

دی انڈپینڈنٹ سے بات کرتے ہوئے ماہر موسمیات سائمن پارٹریج نے بتایا کہ 24 گھنٹے کے اندر 60 ملی میٹر بارش بھی ہو سکتی ہے اور جہاں اتنی بارش نہ ہو وہاں 30 ملی میٹر بارش بھی ہو سکتی ہے۔

ہفتے کے پہلے حصے میں بارش اور تیز ہواوؑں کا سلسلہ اہم شہروں بشمول لندن، پورٹسماوؑتھ، ناروچ، برمنگھم، ناٹگھم اور حل سے ہوتا ہوا نیوکاسل اور جنوبی و وسطی سکاٹ لینڈ میں داخل ہوگا۔

اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی بارش کی نذر ہو چکا ہے جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا، لیکن اگر پاکستان کے مزید میچ بارش سے متاثر ہوتے ہیں تو اس کے لیے صبرتحال مشکل ہو سکتی ہے کیونکہ اس وقت پاکستان کے تین میچوں کے بعد کل تین ہی پوائنٹ ہیں اور اس کا رن ریٹ بھی کم ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ