امریکی خاتون فٹبالر قومی ترانہ نہ گانے پر تنقید کی زد میں

فٹ بالر راپینو نے نہ تو اپنے ساتھیوں کی طرح قومی ترانہ گایا اور نہ ہی پوری ٹیم کی طرح ترانے کے دوران دل پر ہاتھ رکھا۔

امریکی کھلاڑی میگن راپینو۔ (تصویر: روئٹرز)

خواتین کا فٹبال ورلڈ کپ اس وقت فرانس میں جاری ہے جس میں 24 ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ 7 جون سے شروع ہونے والا یہ ٹورنامنٹ 7 جولائی تک جاری رہے گا۔

گذشتہ روز ہونے والے میچ میں امریکا نے تھائی لینڈ کو صفر کے مقابلے میں 13 گولوں سے ہرایا۔ مگر سکور کے علاوہ میچ ایک امریکی کھلاڑی کی وجہ سے بھی مشہور ہو گیا۔

امریکی ٹیم کی فارورڈ میگن راپینو نے ویمن ورلڈ کپ میں تھائی لینڈ کے ساتھ میچ کی افتتاحی تقریب میں قومی ترانہ نہ گانے کا فیصلہ کرکے بہت سے لوگوں کو ناراض کردیا ہے۔

فٹبال ٹیم کی دوسری کھلاڑیوں کے برعکس میگن راپینو نے نہ تو ستاروں والے بینر کے ساتھ قومی ترانہ گایا اور نہ ہی احترام کے طور پراپنا ہاتھ دل پر رکھا۔

میگن راپینو کے قومی ترانہ نہ گانے کے فیصلے کے بعد توقع کے مطابق سوشل میڈیا پر منفی تبصروں کی بھرمار ہوگئی۔

قومی ترانے گانے کے دوران احتجاج  پر میگن راپینو کا موقف نیا نہیں ہے۔ 2016 میں وہ ایک فٹبال میچ سے پہلے قومی ترانہ گانے کے دوران سیدھے کھڑا رہنے کی بجائے اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر جھک کراحتجاج کرنے والی پہلی سفید فام ایتھلیٹ بن گئی تھیں۔ اس احتجاج کے لیے انہوں نے امریکہ کی قومی فٹبال لیگ کے کھلاڑی کولن کیپرنک کے ملک میں نسلی بنیادوں پر ناانصافی اور منصوبہ بندی کے تحت استحصال کے خلاف احتجاج کے فیصلے کی تقلید کی تھی۔

گذشتہ ماہ میگن راپینو نے ’ یاہو سپورٹس ‘ کو بتایا کہ وہ شاید قومی ترانہ دوبارہ کبھی نہ گائیں۔ انٹرویو میں انہوں نے وضاحت کی کہ انہیں قومی ترانے کے دوران احتجاج کے طور گھٹنوں کے بل بیٹھنے پر اپنے خلاف ہونے والی تنقید پر مایوسی ہوئی۔ انہوں نے قومی ترانے کے دوران کھڑا رہنے اور قومی پرچم کا احترام کرنے کا ضابطہ منظور کرنے کے امریکی فٹبال فیڈریشن کے فیصلے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔

میگن راپینو کا کہنا تھا کہ اس حقیقت کو نظرانداز کر کے ان کا احتجاج تھا کس لیے، حب الوطنی کو اپنے دفاع کے لیے استعمال کرنا بزدلی ہے۔ ان کے خیال میں  قومی فٹبال لیگ نے ایسا ہی کیا ہے۔

میگن راپینو نے مزید کہا کہ امریکی فٹبال فیڈریشن کے بیان اور ان کے ساتھ بات کیے بغیر نیا ضابطہ بنا دینے سے انہیں یہی محسوس ہوتا ہے کہ فیڈریشن بھی وہی کام کر رہی ہے جو فٹبال لیگ کرتی ہے۔ یعنی ان سے بات کئے بغیر انہیں احتجاج سے روکنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ میگن راپینو کا کہنا تھا کہ وہ مسئلہ جس پر وہ احتجاج کرتی ہیں اس کا سب کے لیے قابل قبول حل نکالنے کی کوشش بھی نہیں کی گئی۔  

امریکہ کا قومی ترانہ گانے والی ٹیم کا حصہ نہ بننے کے میگن راپینو کے فیصلے سے ان کی فٹنس پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ انہوں نے ٹیم کا 9 واں گول کیا۔ امریکی ویمن فٹبال ٹیم نے تھائی لینڈ کے خلاف میچ 0۔13 سے جیتا۔

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال