اوئن مورگن نے چھکوں کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

برطانوی ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے افغانستان کے خلاف کھیلتے ہوئے ایک میچ میں چھکوں کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔

اوئن مورگن  صرف چھکوں کی مدد سے سینچری مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے(روئٹرز)

برطانوی ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے افغانستان کے خلاف کھیلتے ہوئے ایک میچ میں چھکوں کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔

انہوں نے انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں عالمی کپ کے ایک میچ کے دوران 17 چھکے لگائے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کرس گیل، بھارت کے روہت شرما اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیئرز کے پاس تھا، جنہوں نے 16،16 چھکے لگائے تھے۔

مورگن نے صرف چھکوں کی مدد سے 102 رنز بنا کر ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں پہلی بار صرف چھکوں کی سینچری بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے مورگن نے 71 گیندوں کی طوفانی اننگز کے دوران 148 رنز بنائے اور 18واں چھکا لگانے کی کوشش میں گلبدین نائب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

چھکوں کے علاوہ مورگن نے چار چوکے بھی لگائے۔ ان کی تباہ کاری کا زیادہ نشانہ افغانستان کے سٹار سپنر راشد خان بنے جنہوں نے صرف نو اووروں میں 110 رنز دے ڈالے۔

انگلینڈ نے اپنی اننگز کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے۔ 

مورگن کے علاوہ دوسرے نمایاں سکورر بیئرسٹو رہے جنہوں نے 90 رنز بنائے جب کہ جو روٹ نے 88 رنز سکور کیے۔  

انگلینڈ نے اپنی اننگز کے دوران کل 25 چھکے لگائے جو کسی ٹیم کا ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ایک اور عالمی ریکارڈ ہے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ