ثانیہ مرزا کے ساتھ تنازع: وینا ملک کیا کہتی ہیں؟

وینا ملک کا کہنا ہے کہ وہ صرف ثانیہ مرزا کے بچے کی صحت کے بارے میں بات کر رہی تھیں ان کا مقصد کسی کو نشانہ بنانے نہیں تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ اور وہ بھی ورلڈ کپ میں ویسے ہی ’کسی جنگ‘ سے کم نہیں ہوتا اور دونوں ہی ٹیموں کے مداح جن میں عام لوگوں سمیت فنکار، سیاستدان، سابق کھلاڑی سب شامل ہیں ہار جیت سے قبل ہی جذباتی ہو جاتے ہیں۔

اس بار بھی ایسا ہی ہوا۔ بھارتی ٹیم کے مداح اس بات کا طعنہ دیتے رہے کہ پاکستان کبھی ورلڈ کپ میں ان سے نہیں جیتا اور پاکستانی اس بات پر سینہ تان کر جواب دیتے رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل تو یاد ہی ہوگا۔

مگر جیسے ہی میچ پاکستان کی ہار پر ختم ہوا تو جہاں بھارتی فینز جشن مناتے اور پاکستانیوں کو ورلڈ کپ میں ایک بار پھر شکست کا طعنہ دیتے رہے وہیں پاکستانی ادارکاہ وینا ملک نے چند ٹویٹس کر دیں۔

وینا ملک کی یہ ٹویٹس بھارتی ٹینس سٹار اور پاکستانی سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کو بالکل پسند نہیں آئیں اور وہ انھیں جواب دینے کے لیے میدان میں اتر آئیں۔

دراصل وینا ملک نے ثانیہ مرزا کو مخاطب کرتے ہوئے ٹویٹ کی جس میں انھوں نے سوال کیا کہ کیا اپنے بیٹے کو ’شیشہ بار‘ لے کے جانا ان کی صحت کے لیے خطرناک نہیں؟

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے وینا ملک نے اپنی اس ٹویٹ کے بارے میں کہا کہ ’میں بچے کی صحت کے بارے میں بات کر رہی تھی اور یہ ایک صحت مندانہ بحث ہو سکتی تھی۔ میں ان (ثانیہ مرزا) کی ذاتی زندگی کو نشانہ نہیں بنا رہی تھی۔‘

وینا ملک کی اس ٹویٹ کے جواب میں ثانیہ مرزا کا کہنا تھا: ’مجھے زیادہ فکر آپ کے بچوں کی ہے جنہیں آپ کی تصاویر میگزین کے کورز پر دیکھنی پڑتی ہیں۔‘

ثانیہ مرزا کی جانب اس تبصرے پر وینا ملک نے کہا کہ ’مجھے اس جواب پر بہت ہنسی آئی، کیونکہ ان کا اپنا ماضی انتہائی متنازع رہا ہے، اور لوگ ان کے لباس پر تنقید کرتے رہے ہیں، لیکن میرے بارے میں جو بات انھوں نے کی وہ میرا ذاتی انتخاب نہیں تھا وہ میرا کریئر تھا۔‘

وینا ملک نے کہا کہ وہ ثانیہ مرزا کے اس طرح سے غصے کا اظہار کرنے پر حیران اور ساتھ میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ نہ تو ثانیہ مرزا کی کبھی فین رہی ہیں اور نہ ہی ناقد۔

انھوں نے کہا کہ ’جب آپ سوشل میڈیا پر کوئی چیز شیئر کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ اس پر کوئی بھی تبصرہ کر سکتا ہے۔‘

حال ہی میں وینا ملک کی جانب سے چند سیاسی جماعتوں، شخصیات اور صحافیوں تک کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد یہ سوال پیدا ہوا کہ کیا وینا ملک خود اپنا اکاؤنٹ استعمال کرتی ہیں یا کوئی اور کر رہا ہے۔ اس سوال پر وینا ملک نے کہا کہ ’بالکل آپ کے خیالات آپ کے اپنے ہوتے ہیں، ویسے تو میں زیادہ میسجنگ نہیں کرتی اور نہ ہی فون استمعال کرتی ہوں لیکن ہاں ٹوئٹر خود استعمال کرتی ہوں۔‘

’نہ تو میں کسی سیاسی جماعت کو نشانہ بناتی ہوں اور نہ ہی کسی مخصوص سیاسی شخصیت کو، یہ سب پورے سیٹ اپ کے بارے میں ہے۔ میری وہی سوچ ہے جو ایک عام پاکستانی سوچتا ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ