’جہاں امن ہو گا کرکٹ بھی وہیں ہو گی‘

سابقہ قبائلی علاقوں سے طالبان کے خاتمے اور امن کی بحالی کے نتیجے میں سالانہ فاٹا سُپر لیگ سے کرکٹ کو فروغ مل رہا ہے۔

پاکستان کے سابقہ قبائلی علاقوں سے طالبان کے خاتمے اور امن کی بحالی کے نتیجے میں سالانہ فاٹا سُپر لیگ سے کرکٹ کو فروغ ملا ہے۔

ہر سال لیگ کا ایک ایڈیشن مختلف سابقہ قبائلی ضلعے میں کھیلا جاتا ہے۔

اس سال تیسرا ایڈیشن ضلع باجوڑ میں کھیلا گیا۔ لیگ کے ذریعے مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

ٹورنامنٹ کا دوسرا مقصد دنیا کو قبائلی علاقوں کا وہ مثبت رخ دیکھانا ہے جو پہلے نہیں دکھایا گیا۔

قبائلی عوام کے بے گھر ہونے کی وجہ سے جہاں روزمرہ کے دیگر معاملات متاثرہوئے تھے، وہیں کھیلوں کے میدان بھی اجاڑے، مگر اس وقت قبائلی علاقوں میں بحالی کے عمل کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مختلف ٹورنامنٹ اور مقابلے جاری ہیں۔

فاٹا سپر لیگ کے صدر تیمور آفریدی نے انڈپینڈنٹ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے علاقے میں امن اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے۔

’یہاں بہت سخت حالات گزرے ہیں مگر اب کھیلوں کی سرگرمیاں پھر شروع ہو گئی ہیں جن کی ہم سرپرستی کررہے ہیں، اس قسم کے ٹورنامنٹ ہم اپنی مدد آپ کے تحت کر رہے ہیں۔‘

قبائلی علاقوں کے نوجوان ایک طرف اپنے علاقوں کو واپسی اور یہاں کھیلوں کی بحالی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں تو دوسری جانب انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان کے علاقوں میں کھیلوں کے میدانوں کی دستیابی اور کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان