روہت شرما کے مداح ممبئی انڈینز کے کپتان پانڈیا سے نالاں

30 سالہ ہاردک پانڈیا حالیہ آئی پی ایل سیزن میں ممبئی انڈینز کے لیے جیت کی تلاش میں ہیں، جو اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری نمبر پر ہے۔

24 مارچ 2024 کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں گجرات ٹائٹنز اور ممبئی انڈینز کے درمیان انڈین پریمیئر لیگ کے میچ کے دوران ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا (دائیں) اور ان کے ساتھی روہت شرما (بائیں) ایک دوسرے سے بات کرتے ہوئے (اے ایف پی)

ہاردک پانڈیا کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے اس سیزن میں شائقین کے شدید طنز اور غصے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ جب سے انہوں نے روہت شرما سے ممبئی انڈینز کی کپتانی سنبھالی ہے، ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پانچ بار کی فاتح ٹیم ممبئی انڈینز نے گذشتہ ماہ آئی پی ایل سیزن شروع ہونے سے قبل روہت شرما سے کپتانی لے کر آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے سپرد کی تھی۔

تاہم یہ کپتانی ہاردک پانڈیا کے لیے مشکل رہی ہے اور ان کی ٹیم کو مسلسل تین شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سے حالیہ شکست پیر کو ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں ہوئی۔

36 سالہ روہت نے 2013 میں آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ سے کپتانی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ٹیم کو پانچ آئی پی ایل ٹائٹل جتوائے اور وہ ممبئی میں ایک آئیکون کی حیثیت رکھتے ہیں۔

تاہم اس سیزن کے کپتان ہاردک پانڈیا کے ساتھ ممبئی کی شکستوں کے ریکارڈ نے کرکٹ کے دیوانے اس ملک کے شائقین کو بہت مایوس کیا ہے۔

ہاردک پانڈیا کی کپتانی کا آغاز گجرات ٹائٹنز کے گھر احمد آباد میں شکست کے ساتھ ہوا، جس نے اس سے قبل ان ہی کی قیادت میں 2022 میں اپنے افتتاحی سیزن میں ٹائٹل جیتا تھا۔

’مداحوں کی جنگ

30 سالہ ہاردک پانڈیا کو پیر کو راجستھان رائلز کے خلاف میچ کے دوران شائقین کی جانب سے ٹاس پر شدید طنز کا سامنا کرنا پڑا، حتیٰ کہ کمنٹیٹر سنجے منجریکر کو مداحوں کو کہنا پڑا کہ وہ ’اچھے سلوک کا مظاہرہ کریں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لیکن مجمعے نے ہاردک پانڈیا کے خلاف اپنی دشمنی برقرار رکھی، جس کے بعد روہت نے ایک مقام پر مداحوں کو رکنے کا اشارہ کیا۔

پانڈیا، جنہیں کبھی انڈین ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کے لیے روہت کا ممکنہ جانشین سمجھا جاتا تھا، نے اعتراف کیا کہ یہ ایک ’مشکل رات‘ تھی۔

گھڑیوں سے محبت کے لیے مشہور پانڈیا ممبئی کے لیے پہلی جیت کی تلاش میں ہیں، جو اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری نمبر پر ہے۔

سن رائزرز حیدرآباد کے ساتھ ممبئی انڈینز کے پچھلے میچ میں بھی شائقین روہت شرما کے نام کے نعرے لگاتے رہے۔

تجربہ کار کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے اس صورت حال پر انڈین ویب سائٹ کرک بز سے گفتگو میں کہا کہ: ’آئی پی ایل کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ یہ ہے کہ ’گروہ بندی’ بڑھ گئی ہے۔

راجستھان رائلز کے لیے کھیلنے والے انڈین سپنر روی چندرن اشون نے کہا کہ شائقین کو پرسکون رہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا: ’لوگوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ یہ کھلاڑی کس ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔۔ یہ ہمارا ملک ہے۔‘

ایشون کا مزید کہنا تھا کہ ’مداحوں کی جنگ کو کبھی بھی ایسا بدصورت راستہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل کے شائقین کو دیکھنا چاہیے کہ دوسرے ممالک کیسا برتاؤ کرتے ہیں۔

ایشون نے سوال کیا: ’ کیا آپ نے دیکھا ہے کہ جو روٹ اور زیک کرولی کے مداحوں میں لڑائی ہوتی ہے؟ یا جو روٹ اور جوز بٹلر (جوش بٹلر) کے پرستار آپس میں لڑ رہے ہیں؟ یہ پاگل ہے۔ کیا آپ سٹیون سمتھ کے مداحوں کو آسٹریلیا میں پیٹ کمنز کے مداحوں سے لڑتے ہوئے دیکھتے ہیں؟‘

چنئی میں صورت حال مختلف

اس کے برعکس چنئی سپر کنگز نے آئی پی ایل کے 17 ویں ایڈیشن کے موقعے پر کپتانی مہندر سنگھ دھونی سے رتوراج گائیکواڑ کے سپرد کی۔

جس کے بعد اس ٹیم میں منظر نامہ بہت مختلف ہے اور 42 سالہ وکٹ کیپر بلے باز دھونی سٹمپ کے پیچھے سے نئے کپتان گائیکواڈ کی رہنمائی کرتے نظر آتے ہیں۔

دھونی ایک مینٹور اور کھلاڑی کے کردار میں توازن پیدا کر چکے ہیں اور ان کی ٹیم نے اپنے ابتدائی دو میچ جیتے ہیں۔

چنئی کے ہیڈ کوچ سٹیفن فلیمنگ نے کہا: ’کردار میں تبدیلی آسان نہیں ہے، لیکن انہوں نے یہ کام بغیر کسی رکاوٹ کے کیا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’ہم فیصلہ سازی میں دھونی کو بھی استعمال کر رہے ہیں۔‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ