ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے دشمنوں کو ناکام بنائیں گے: آرمی چیف

آرمی چیف نے مزید کہا کہ منفی پروپیگنڈہ اور سوشل میڈیا ٹرول پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے سے قوم کی توجہ ہٹا نہیں سکتے۔

پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کاکول ملٹری اکیڈمی میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے 29 اپریل، 2023 کو خطاب کرتے ہوئے (آئی ایس پی آر/فائل)

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے جمعے کو کہا کہ ملک کی مسلح افواج قوم کی حمایت سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے والی تمام دشمن قوتوں کو ناکام بنا دیں گی۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق گرین پاکستان انیشی ایٹو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فوج کے سربراہ نے کہا: ’ہم سب پاکستان کی ایک متحد ٹیم ہیں۔ انشا اللہ عوام کے تعاون اور حمایت سے، پاکستان کی ترقی کے سفر میں رخنہ اور رکاوٹ ڈالنے والوں کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔‘

آرمی چیف نے مزید کہا کہ منفی پروپیگنڈہ اور سوشل میڈیا ٹرول پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے سے قوم کی توجہ ہٹا نہیں سکتے۔

ان کے بقول: ’آج کے دور میں معاشی استحکام کے بغیر مکمل آزادی ممکن نہیں، اس لیے پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے سفر میں عدم استحکام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آئیے ہم سب مل کر منفی قوتوں کو مسترد کریں اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کے سفر پر توجہ دیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین سمیت دیگر سول اور ملٹری اہلکاروں نے شرکت کی۔

بیان میں بتایا گیا کہ وفاقی وزرا نے اس قدم کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ زراعت پاکستان کی معاشی لائف لائن ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک مبارک زمین ہے جس کی قوم محنتی ہے اور جسے قومی ترقی کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے یقین دلایا کہ فوج پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ فوج کی کوششیں جامع قومی سلامتی اور قوم کی اجتماعی بھلائی میں کردار ادا کریں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان