رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نو روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

رابطہ عالم اسلامی یا مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ اتوار کی شب نو روزہ اعلیٰ سطح کے دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین، سینیٹر طلحہ محمود، سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاالرحمٰن نے ان کو نور خان ایئربیس پر خوش آمدید کہا۔

سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی عید الفطر پاکستان میں گزاریں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ پاکستان میں یتیم بچوں کے ساتھ عید منائیں گے اور فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز عید پڑھائیں گے۔

وہ پاکستانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں بھی شریک ہوں گے۔

عرب نیوز کے مطابق ان پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائر عیسیٰ اور وزیر مذہبی امور سے ملاقاتیں توقع ہیں۔

ان ملاقاتوں میں دو اطراف سے سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشریف نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کہ ان یہ دورہ ’پاکستان میں بین المذاب بین المسالک ہم آہنگی، پاک سعودی عرب تعلقات اور عالم اسلام کے جو حالات ہیں اس حوالے پاکستان اور رابطہ عالم اسلامی کے درمیان قربت کا انشا الله مزید ذریعہ بنے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العییسیٰ کا پاکستان میں عید الفطر کی نمار کا ادا کرنا بالخصوص فيصل مسجد میں امامت کرنا یہ بھی پاک سعودی عرب تعلقات اور رابطہ عالم اسلامی اور پاکستان کے تعلقات کی مضبوطی کی دلیل ہے۔‘

’رابطہ عالم اسلامی نے ہمیشہ پاکستان کے کشمیر اور فلسطین کے مؤقف کی حمایت و تائید کی ہے اور ہمیشہ مظلوموں کی حق میں آواز کو بلند کیا ہے۔‘

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ’یہ دورہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان اور رابطہ عالم اسلامی اور سعودی عرب کے تعلقات کے مزید استحقام کی دلیل ہے۔‘

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اسلام آباد میں سیرت النبی (ص) میوزیم کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے جس کا مقصد پیغمبر اسلام (ص) کی زندگی اور تعلیمات کے بارے میں تفہیم اور احترام کو فروغ دینا ہے۔ یہ میوزیم پاکستان میں اپنی نوعیت کا جدید ترین میوزیم ہوگا۔

ڈاکٹر عیسیٰ کو 2022 کے حج کے موقعے پر خطبہ دینے کا اعزاز حاصل ہے۔ مسلم ورلڈ لیگ ایک بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم ہے جس کا صدر دفتر مکہ مکرمہ میں ہے۔ تمام اسلامی ممالک اور فرقے اس کے اراکین ہیں۔

اس کا مقصد اسلام کے حقیقی پیغام کی وضاحت کرنا، اسلام اور اس کے رواداری کے اصولوں کو پیش کرنا، انسانی امداد فراہم کرنا، سب کے ساتھ مکالمے اور تعاون کو بڑھانا ہے۔

مسلم ورلڈ لیگ کی بنیاد جنرل اسلامک کانفرنس کے اجلاس کے دوران منظور کی گئی قرارداد کے مطابق رکھی گئی جو کہ 14 ذوالحجہ 1381 ہجری کو 18 مئی 1962 کو مکہ مکرمہ میں منعقد ہوئی تھی۔

’دورے سے خطے میں بین المذاہب ہم آہنگی کا نیا دور شروع ہو گا‘

پاکستان علما کونسل نے اتوار کو سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے پاکستان دورے پر انہیں خوش آمدید کہا ہے۔

علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اس دورے سے خطے میں بین المذاہب ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے اور باہمی افہام و تفہیم کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔‘

انہوں نے سیکرٹری جنرل العیسیٰ کے دورے کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں انسانیت اور آزادی عقائد قابل عمل بنانے کے لیے وہ پختہ عزم کے حامل ہیں۔

حافظ طاہر اشرفی نے عالمی سطح پر رواداری اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں ڈاکٹر العیسیٰ کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے دورے کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص مذہبی تکثیریت کے حوالے سے اہم قرار دیا۔

انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایک ایسے مستقبل کا تصور پیش کیا جو باہمی احترام پر مبنی ہو۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی موجودگی بین المذاہب مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے کے لبے محرک کے طور پر کام کرے گی اور بین الاقوامی طور پہ ہم آہنگی کی راہ ہموار کرے گی۔

محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کون ہیں؟

سعودی عرب میں پیدا ہونے اور پرورش پانے والے ڈاکٹر العیسیٰ نے امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی، جہاں انہوں نے تقابلی عدالتی مطالعہ (آئینی قانون) میں ماسٹر ڈگری اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے بعد ڈاکٹر العیسیٰ سعودی عرب میں کئی عوامی عہدوں پر فائز رہے۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اعتدال پسند اسلام پر ایک سرکردہ عالمی آواز کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ وہ انٹلیکچوئل وارفیئر سینٹر کے سربراہ بھی ہیں، جو سعودی وزارت دفاع سے وابستہ ایک ادارہ ہے جو انتہا پسندی اور دہشت گردانہ نظریات سے نمٹنے کے لیے وقف ہے۔

امریکن جیوش کمیٹی، امریکن سیفرڈی فیڈریشن اور کامبیٹ اینٹی سیمیٹیزم موومنٹ نے ان کی قیادت اور دنیا بھر میں یہود دشمنی، اسلامو فوبیا اور نفرت انگیز تقاریر کا مقابلہ کرنے کے اقدامات کے لیے انہیں سراہا ہے۔

امریکن جیوش کمیٹی (اے جے سی) نے ڈاکٹر العیسیٰ کو ’اعتدال پسند اسلام کو فروغ دینے والی مسلم دنیا کی سب سے طاقتور آواز‘ قرار دیا ہے۔

ڈاکٹر العیسیٰ نے اگست 2016 میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل کے طور پر اپنا موجودہ عہدہ سنبھالا۔

اسی سال، وہ مسلم سکالرز کی بین الاقوامی باڈی کے چیئرمین اور سعودی عرب میں سینئر سکالرز آرگنائزیشن کے رکن بنے۔

ان کے دور میں، مسلم ورلڈ لیگ نے مسلم ورلڈ لیگ سپریم کونسل اور دیگر ذیلی اداروں میں اسلام کے مختلف فرقوں کی نمائندگی کو بڑھایا ہے تاکہ دنیا بھر کی تمام مسلم کمیونٹیز کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہیں بین المذاہب مکالمے اور اعتدال کو فروغ دینے اور انتہا پسندی اور نفرت انگیز بیان بازی کا مقابلہ کرنے میں اپنی قیادت کے بدلے متعدد ملکی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ہے۔

اکتوبر 2022 میں، انہیں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے میں نمایاں کام کرنے پر صدر ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے پاکستان کے ’ہلال پاکستان‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اسلام کے پرامن پیغام کو پھیلانے، غلط فہمیوں کو دور کرنے اور اسلام کو مؤثر طریقے سے فروغ دینے پر کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان