کراچی میں جاپانی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملہ ناکام، تمام غیر ملکی محفوظ: پولیس

کراچی پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور اور اس کے ایک ساتھی کو پولیس نے مار دیا ہے جبکہ گاڑی میں سوار پانچ جاپانی شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ لانڈھی کے علاقے میں جاپانی شہریوں کی گاڑی پر حملہ کیا گیا لیکن تمام غیر ملکی محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور اور اس کے ایک ساتھی کو پولیس نے مار دیا ہے۔ حکام کے مطابق گاڑی میں پانچ جاپانی شہری سوار تھے جنہیں اب محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

کراچی پولیس کے ترجمان ابرار بلوچ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’آج (جمعے کی) صبح سات بجے جاپانی کمپنی وائے کے کے میں کام کرنے والے جاپانی شہریوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اس گاڑی کے پیچھے ایک خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا۔‘

ان کے مطابق ’جائے وقوعہ سے ایک ایس ایم جی (شارٹ مشین گن) اور ہینڈگرنیڈ والا بیگ بھی برآمد ہوا ہے۔ 

پولیس کے مطابق ’پہلے حملہ خودکش تھا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ کیا گیا ہے اسی دوران ہینڈ گرینیڈ پھینکا گیا۔‘

کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے سربراہ راجہ عمر خطاب نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ گاڑی میں پانچ جاپانی شہری، ان کے محافظ اور ڈرائیور سوار تھے۔ ’ایک شخص زخمی ہوا ہے لیکن کوئی غیر ملکی شہری زخمی نہیں ہوا۔ یہ ایک خودکش حملہ تھا جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے حملہ کیا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔‘

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کراچی میں ’خود کش دھماکے اور فائرنگ‘ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف بروقت کاروائی کو سراہا ہے۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق ’پولیس کی بروقت کارروائی نے بڑے جانی نقصان سے بچا لیا۔‘

انہوں نے کہا کہ تمام ’قوم مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی، شر پسند عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی لانڈھی میں ’خودکش دھماکے‘ کی شدید مذمت ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کی ہر مذموم کاروائی کو ناکام بنائیں گے۔‘

’عالمی شراکت داروں سے مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے‘

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔‘

بیان کے مطابق: ’حکومت پاکستان دہشت گردی کے اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے۔ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان ملک میں مقیم غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ’ہم اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔‘

’چینی شہریوں کے سکیورٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی‘

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے چینی شہریوں کی حفاظت کے ایس او پیز پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں بصورت دیگر غفلت پر سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آج اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سربراہ نیکٹا، ڈی جی ایف آئی اے، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے آئی جیز، سیکرٹریز داخلہ، نیشنل کوآرڈینٹر نیکٹا، نیشنل ایکشن پلان اور انٹیلیجنس اداروں کی تمام ٹیموں اور چیف کمشنرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں پورے پاکستان کی پولیس کو نئی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے لیے تفصیلی مشاورت کے علاوہ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات کا بغور جائزہ لیا گیا۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق تمام آئی جیز نے چینی شہریوں کی سکیورٹی اور حفاظت کے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

میٹنگ میں طے پایا کہ وضع کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کی نقل و حرکت کو محدود کیا جائے گا۔

اجلاس میں ایرانی صدر کے دورے کے دوران اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے وفاق صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کے لیے ڈرونز سمیت جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان