غزہ ’نسل کشی‘ کی مذمت، رکن ممالک اسرائیل پر پابندیاں عائد کریں: او آئی سی

اسلامی تعاون تنظیم نے اتوار کو سربراہ اجلاس کے اختتام پر ایک قرار داد منظور کی جس میں غزہ میں ’نسل کشی‘ کی مذمت کرتے ہوئے 57 رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر پابندیاں عائد کریں۔

چار مئی، 2024 کی اس تصویر میں گیمبیا کے شہر بنجول میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے شرکا گروپ فوٹو کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں(اے ایف پی)

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی ’نسل کشی‘ کی مذمت کرتے ہوئے تنظیم کے رکن ممالک سے اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کو منظور ہونے والی قرارداد میں تنظیم نے اپنے ارکان سے مطالبہ کیا ہے کہ ’وہ اسرائیل پر پابندیاں عائد کریں اور غزہ میں نسل کشی کے جرم میں فوج کی جانب سے استعمال کیے جانے والے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی برآمد روکیں۔‘

اتورا کو پیش کی گئی قرارداد میں ارکان پر زور دیا گیا کہ وہ قابض اسرائیلی جرائم اور فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی روکنے کے لیے پابندیوں سمیت سفارتی، سیاسی اور قانونی اقدامات کریں۔

تنظیم کے بیان میں ’فوری، مستقل اور غیر مشروط فائر بندی‘ کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں آگ لگائے جانے کے بعد 1969 میں قائم ہونے والی او آئی سی کا مقصد مسلمانوں کے درمیان یکجہتی میں اضافہ کرنا، فلسطینی جدوجہد کی حمایت اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کا دفاع کرنا ہے۔

نومبر 2023 میں ریاض میں او آئی سی اورعرب لیگ کا ایک مشترکہ اجلاس ہوا تھا، جس میں غزہ میں اسرائیلی افواج کی کارروائیوں کی مذمت تو کی گئی، لیکن اسرائیل کے خلاف تادیبی اقتصادی اور سیاسی اقدامات کا مطالبہ نہیں کیا گیا تھا۔

لیکن دسمبر 2023 میں او آئی سی نے جنوبی افریقہ کی جانب سے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں اسرائیل کے خلاف کی جانے والی کارروائی کا خیر مقدم کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کارروائی میں جنوبی افریقہ نے اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کا الزام عائد کیا تھا۔

ہفتے کو شروع ہوئے 15ویں او آئی سی سربراہ اجلاس میں مصر کا دارالحکومت قاہرہ توجہ کا مرکز رہا، جہاں غزہ میں قیدیوں کی رہائی کے بدلے مجوزہ فائربندی پر ایک اجلاس رواں ہفتے کے آخر میں منعقد ہوا تاہم اس اجلاس میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوئی۔

رواں سال چند افریقی رہنماؤں نے ذاتی طور پر او آئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کی اور 57 رکن ممالک کے سربراہوں میں سے اکثر نے اپنے نمائندے بھیجے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت میں کم از کم 34 ہزار 683 افراد جان سے جا چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا