کرونا اپنے ساتھ کئی چیزیں لے کر آیا ہے، سماجی دوری، قرنطینہ، سینیٹائزر، وغیرہ۔ لیکن جیسے فیس ماسک اس تمام وبائی صورتِ حال کا خلاصہ پیش کرتا ہے، وہ کوئی اور چیز نہیں کرتی۔
اس بنا پر بعض لوگوں نے تجویز پیش کی ہے کہ دنیا کو ایک ملک بنا کر اس کے جھنڈے پر ماسک لگا دیں کہ یہ ’چار گرہ‘ کا کپڑا جیسے 2020 کی دنیا کا نمائندہ پرچم بن جائے گا۔
لیکن پھر بھی حیرت ہے کہ بعض لوگ ماسک پہننے سے کتراتے بلکہ شرماتے ہیں۔ ایسے ہی لوگوں کی خدمت میں ہم ماسک کے چند ایسے فائدے پیش کر رہے ہیں جنہیں پڑھ کر وہ سیدھے میڈیکل سٹور کا رخ کریں گے اور ایک دو ماسک نہیں بلکہ ڈبے کا ڈبہ خرید لیں گے۔
1- چہرہ ہے کہ کھلی کتاب، یہ محاورہ آپ نے اکثر سنا ہو گا۔ اگر یہ بات سچی ہے تو پھر ہمارا چہرہ تو پورا سوشل میڈیا لگتا ہے، کہ ادھر سامنے والے نے کوئی بات کہی اور ہمارے چہرے پر تاثرات نمودار ہو گئے، جن کی وجہ سے بعض اوقات بات کہنے والا اپنی بات ادھوری چھوڑ کر ہمارے پیچھے پڑ جاتا ہے کہ کیا میں تمہیں الو لگتا ہوں؟
ماسک کا ہمیں یہ ذاتی فائدہ ہوا ہے کہ کسی کی ناقابل برداشت بات پر ماسک کے اندر رہ کر دانت پیس سکتے ہیں سامنے والے کو اندازہ نہیں ہوتا کہ ماسک کے اندر ہنسی نہیں گالی چھپی ہے۔ بالکل اسی طرح آپ مزے سے اس شخص پر ہنس بھی سکتے ہیں جس سے آپ کچھ کہنے کی اوقات نہیں رکھتے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
2- کراچی کے بائیک سواروں کے لیے یہ ماسک نعمت ہے۔ یقین مانیے ہم سچ کہتے ہیں۔ کراچی کی سڑکوں پر ہر تھوڑی تھوڑی دیر بعد مٹی کے چھوٹے بڑے طوفانوں کا سامنا رہتا ہےاور اس طوفان سے لڑنے میں بائیک سوار ہراول دستے میں شمار ہوتے ہیں۔ مٹی کا طوفان تو اپنی جگہ مگر جلتے کچرے کے دھوئیں، گیلے کچرے کی بدبو، کالے والے نالے سے اٹھتے بدبو کے بھبکےسے بچانے میں یہ ماسک وہ ہی کام دیتا ہے جو بلٹ پروف جیکٹ گولی سے بچانے کے لیے دیتی ہے۔
3- بعض خواتین کے بارے میں سنا ہے کہ کسی دن جلدی میں بغیر میک اپ کیے دفتر پہنچ جائیں تو چوکیدار دروازے پر روک دیتا ہے کہ کس سے ملنا ہے اور وہ خود سارا دن دبی دبی، کھنچی کھنچی رہی ہیں۔ ایسی خواتین کے ماسک نعمتِ غیر مترقبہ سے کم نہیں۔ بس صبح اٹھیں، چاہے تو منہ دھو لیں، ورنہ اس کی بھی ضرورت نہیں، ایک عدد ماسک زیبِ چہرہ کریں اور اللہ اللہ خیر سلا۔
4- فائدہ نمبر 3 کو دیکھ کر مرد یہ نہ سوچیں کہ وہ پیچھے رہ گئے ہیں۔ ماسک ان کے لیے بھی نہایت سودمند ہے۔ وہ ایسے کہ یہ نہ صرف کرونا سے بچاتا ہے بلکہ بغیر برش کیے پیلے دانت بھی چھپاتا ہے۔ صرف یہ ہی نہیں سگریٹ سے ہوئے کالے دانت، پان سے ہوئے لال دانت، اور گٹکا اور ماوے کے سنگین امتزاج سے پیدا ہونے والے مجہول رنگ کو بھی چھپاتا ہے تو پھر ماسک پہنیے تاکہ رنگین دانتوں پر نظر نہ لگ جائے۔
5- ماسک دانتوں کی بدبو سے دوسرے لوگوں کو بھی محفوظ رکھتا ہے۔ اندر کی بات یہ ہے کہ ہماری سانسوں میں سے بھی گندی بدبو آتی ہے اور تو اور برش کیے ہوئے کافی وقت گزر جائے تو بدبو میاں بھی جاگ جاتے ہیں اور اطراف کے علاقوں میں پھیل جاتے ہیں تو بھئی ماسک لگائیں کیونکہ آپ کے منہ سے بدبو آتی ہے۔
6- ہمارے کچھ مرد دوستوں کا شکوہ ہے کہ ان کی داڑھی پوری نہیں آتی اور اگر آتی بھی تو بہت سے علاقے بنجر رہ جاتے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں عجب سراسیمگی کا ماحول رہتا ہے۔ ویسے واقعی کسی علاقے میں اچانک درختوں کے بعد ٹوٹے پھوٹے کھنڈرات آ جائیں تو عجیب تو لگتا ہے۔ اس کے بارے میں دعا ہے کہ جلد سے جلد تمام علاقوں میں بال سبزہ پھیل جائے۔ اچھا کم سے کم اس وقت تک ہی ماسک لگا لیجیے۔ شاید اس ماسک سے پیدا ہونے والی نمی علاقے میں سبزہ پھیلا دے۔
7- اگر آپ بھی ہماری طرح ہیں تو آپ کو تیز روشنی میں نیند نہیں آتی ہو گی۔ بعض اوقات آپ ایسی جگہ پھنس جاتے ہیں جہاں کسی نہ کسی وجہ سے روشنی بند نہیں ہو سکتی۔ اس کا آسان حل ہے، ماسک ناک سے اتار کر آنکھ پر لگا دیں۔ بیشک دیکھنے میں آپ کولہو کے بیل ہی کیوں نہ نظر آئیں، کم از کم یہ فائدہ ضرور ہو گا کہ کہ چاروں اطراف اندھیرا چھا جائے گا اور مزے کی نیند سو سکیں گے۔
تو پھر ماسک لگائیے تاکہ اپنی اور برابر والے کی حفاظت بھی ہو سکے اور باقی فوائد بھی حاصل ہو سکیں۔ احتیاط کیجیے کیونکہ فی الحال اس کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ہے۔