24 سال بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے تیار

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 1998 کے بعد آسٹریلیا کے پہلے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز آئندہ سال مارچ-اپریل میں کھیلی جائے گی۔

آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ (درمیان) 29 نومبر 2020 کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ  میں ایک روزہ کرکٹ میچ کے دوران  بھارت کے شیکھر دھون کو آؤٹ کرنے کے بعد ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ جشن منا رہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 1998 کے بعد آسٹریلیا کے پہلے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز آئندہ سال مارچ-اپریل میں کھیلی جائے گی۔

مہمان ٹیم نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، جس کا آغاز تین مارچ کو ہوگا۔

سیریز کے باقی دو ٹیسٹ میچز 12 تا 16 مارچ تک راولپنڈی اور 21 تا 25 مارچ تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز کے چاروں وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 29 مارچ سے پانچ اپریل تک جاری رہیں گے۔

سیریز میں شامل تمام ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ جبکہ تینوں ون ڈے میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کو خوش آمدید کہنے پر مسرور ہیں اور انہیں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر ذاتی طور پر بہت خوشی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ’آسٹریلیا ایک مضبوط ٹیم ہے اور ان کا 24 سال بعد پاکستان آکر کرکٹ کھیلنا یہاں موجود فینز کے لیے بہترین لمحہ ہوگا۔ اسی طرح یہ آسٹریلوی کرکٹرز کے لیے بھی ایک شاندار موقع ہوگا کہ وہ پاکستان کے تاریخی گراؤنڈز میں کرکٹ کھیل کر یہاں کے عوام کی مہمان نوازی کا شرف حاصل کرسکتے ہیں۔‘

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے نے اس دورے کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس سیریز کے لیے لاجسٹک، سکیورٹی اور کووڈ 19 پروٹوکولز سے متعلق آئندہ چند ماہ پی سی بی سےمسلسل رابطے میں رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے لیے ان کے کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کی حفاظت پہلی ترجیح ہے اور وہ اس سلسلے میں پی سی بی اور متعلقہ ایجنسیز سے مکمل رابطے میں رہیں گے۔

اس تناظر میں کرکٹ آسٹریلیا کا وفد دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا، جس کے دوران وہ پی سی بی آفیشلز اور  صوبائی و وفاقی حکام سے ملاقاتیں کرکے معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔

آسٹریلیا نے آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران مارک ٹیلر کی قیادت میں مہمان ٹیم نے سیریز ایک صفر سے اپنے نام کی تھی۔

آسٹریلیا نے پہلی مرتبہ 1959 میں رچی بینوا کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ