اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب عالمی نظام سیاسی تقسیم، علاقائی تنازعات اور بڑی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی مسابقت سے گزر رہا ہے۔
غزہ کی جنگ، یوکرین کا تنازع، مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی سیاست اور افریقہ میں جاری کشیدگی نے اقوام متحدہ کی افادیت پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔ ایسے حالات میں نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب محض انتظامی فیصلہ نہیں بلکہ عالمی سیاست کی مستقبل کی سمت کا اہم اشارہ بھی ہوگا۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے لانا زکی نسیبہ کی نامزدگی نے اس انتخاب کو پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی اور تزویراتی معاملہ بنا دیا ہے۔ لانا نسیبہ تجربہ کار سفارت کار ہیں جنہوں نے ایک دہائی سے زیادہ عرصہ اقوام متحدہ میں امارات کی نمائندگی کی۔ سلامتی کونسل کے معاملات اور کثیرالجہتی سفارت کاری میں ان کا تجربہ قابل ذکر ہے۔ تاہم عالمی سیاست میں سفارتی تجربہ کسی امیدوار کی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتا، خصوصاً جب انتخاب کا انحصار بڑی طاقتوں کی رضامندی پر ہو۔
اس کوشش کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ متحدہ عرب امارات کی خارجہ پالیسی گذشتہ ایک دہائی میں نمایاں تبدیلیوں سے گزری ہے۔ ابوظبی نے خود کو عالمی تجارت، سرمایہ کاری اور سفارت کاری کا اہم مرکز بنایا ہے۔ دوسری طرف اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات اور انڈیا کے ساتھ بڑھتی ہوئی معاشی و تزویراتی قربت نے اس کی علاقائی ترجیحات کو نئی جہت دی ہے۔ پاکستان کے لیے بنیادی سوال یہ ہے کہ ایک قریبی دوست ملک کے امیدوار کی حمایت کرتے ہوئے اپنے دیرینہ خارجہ پالیسی اصولوں، بالخصوص فلسطین اور کشمیر، کے حوالے سے کس نوعیت کا توازن اختیار کیا جائے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات تاریخی، معاشی اور سماجی بنیادوں پر استوار ہیں۔ متحدہ عرب امارات پاکستانی افرادی قوت، ترسیلات زر، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک کے سیاسی روابط بھی عمومی طور پر خوشگوار رہے ہیں۔ تاہم بین الاقوامی تعلقات میں دوستی اور قومی مفادات ہمیشہ یکساں نہیں ہوتے۔ ریاستیں اپنی جغرافیائی ضروریات، معاشی ترجیحات اور سلامتی کے تقاضوں کے مطابق فیصلے کرتی ہیں۔ اس لیے ضروری نہیں کہ ایک ملک کی تمام سفارتی ترجیحات دوسرے دوست ملک کے مفادات سے ہم آہنگ ہوں۔
پاکستان کے لیے اس پیش رفت کو محض سفارتی ناراضی کے تناظر میں دیکھنا مناسب نہیں ہوگا۔ متحدہ عرب امارات ایک خودمختار ریاست ہے اور اسے اپنے بین الاقوامی تعلقات کے تعین کا حق حاصل ہے۔ اسی اصول کے تحت پاکستان کو بھی اپنے قومی مفادات اور خارجہ پالیسی کی ترجیحات کے مطابق فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ اصل سوال امارات کے انڈیا کے ساتھ تعلقات نہیں بلکہ یہ ہے کہ عالمی ادارے کی قیادت کے لیے پیش کردہ امیدوار کس حد تک آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور بین الاقوامی قانون کے مطابق کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
فلسطین کا معاملہ اس بحث میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے 2020 میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ ابوظبی کے نزدیک یہ فیصلہ علاقائی تعاون، معاشی روابط اور سفارتی امکانات بڑھانے کا ذریعہ تھا۔ تاہم ناقدین کا مؤقف رہا کہ فلسطینی مسئلے کے منصفانہ حل سے پہلے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے سے اس پر موجود سفارتی دباؤ کم ہوا۔
پاکستان کا فلسطین کے حوالے سے مؤقف تاریخی تسلسل کا حامل ہے۔ اسلام آباد فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مسئلے کے منصفانہ حل کی حمایت کرتا رہا ہے۔ اس لیے نئے سیکریٹری جنرل کے انتخاب میں پاکستان کے لیے یہ سوال اہم ہوگا کہ امیدوار فلسطین سمیت دیگر بین الاقوامی تنازعات میں اصولی مؤقف اختیار کرنے اور طاقتور ریاستوں کے دباؤ کا مقابلہ کرنے کی کتنی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسی طرح کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مسئلہ ہے۔ اسلام آباد اس تنازع کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے تناظر میں دیکھتا ہے، جبکہ بھارت اسے دوطرفہ اور داخلی نوعیت کا معاملہ قرار دیتا ہے۔ اس اختلاف نے اقوام متحدہ کے کردار کو محدود کر رکھا ہے۔ پاکستان کے لیے سیکریٹری جنرل کی اہمیت اس بات سے بھی وابستہ ہوگی کہ وہ دیرینہ بین الاقوامی تنازعات کے حوالے سے کس قدر مستقل اور اصولی طرزعمل اختیار کر سکتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کے لیے اس انتخاب کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ وہ 2025 اور 2026 کے لیے سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن منتخب ہوا تھا۔ اس حیثیت سے اسلام آباد کو نئے سیکریٹری جنرل کے انتخاب میں براہ راست شرکت کا موقع حاصل ہے۔ اگرچہ پاکستان کا ووٹ مستقل ارکان کے ویٹو جیسی قوت نہیں رکھتا، تاہم سفارتی مشاورت، اتفاق رائے پیدا کرنے اور دوسرے غیرمستقل ارکان کے ساتھ رابطوں میں اس کی اہمیت موجود ہے۔
اس مرحلے پر پاکستان کو اپنی حکمت عملی دو سطحوں پر مرتب کرنا ہوگی۔ پہلی سطح دوطرفہ سفارت کاری کی ہے، جہاں متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاشی، سیاسی اور سماجی تعلقات کا تسلسل اہم ہے۔ دوسری سطح کثیرالجہتی سفارت کاری کی ہے، جہاں امیدوار کی اہلیت، غیرجانبداری اور بین الاقوامی قانون سے وابستگی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ان دونوں سطحوں کو ایک دوسرے کا متبادل سمجھنے کی بجائے جامع سفارتی تناظر میں دیکھنا ضروری ہے۔
اگر مستقل ارکان کے اختلافات کے باعث لانا نسیبہ کی امیدواری آگے نہیں بڑھتی تو پاکستان کے لیے دیگر امیدواروں کا جائزہ لینا فطری سفارتی عمل ہوگا۔ اس صورت میں بنیادی معیار امیدوار کی سفارتی اہلیت، عالمی تنازعات کے حل کا تجربہ، ترقی پذیر ممالک کے مسائل سے آگاہی اور ادارہ جاتی آزادی ہونا چاہیے۔ محض کسی بڑی طاقت کی حمایت یا مخصوص خطے سے تعلق ایک مؤثر سیکریٹری جنرل کی ضمانت نہیں دیتا۔
یہاں عالمی جنوب کی نمائندگی کا سوال بھی اہم ہے۔ افریقہ، ایشیا اور لاطینی امریکہ کے متعدد ممالک طویل عرصے سے عالمی اداروں میں غیرمساوی نمائندگی اور فیصلہ سازی کے محدود اختیارات کی نشاندہی کرتے رہے ہیں۔ ان ممالک کے لیے اصل سوال صرف یہ نہیں کہ سیکریٹری جنرل کس جغرافیائی خطے سے تعلق رکھتا ہے، بلکہ یہ بھی ہے کہ وہ قرضوں کے بحران، موسمیاتی تبدیلی، معاشی عدم مساوات اور ترقیاتی مشکلات کو عالمی ایجنڈے میں کتنی اہمیت دیتا ہے۔
پاکستان کے لیے یہ انتخاب اپنے خارجہ پالیسی اصولوں کو واضح انداز میں پیش کرنے کا موقع بھی ہے۔ فلسطین اور کشمیر جیسے معاملات کو بین الاقوامی قانون، ریاستی خودمختاری، حق خودارادیت اور تنازعات کے پُرامن حل کے وسیع تر تناظر میں رکھنا ضروری ہے۔ کسی اصولی مؤقف کی سفارتی قوت اسی وقت بڑھتی ہے جب اس کا اطلاق مختلف عالمی معاملات میں مستقل انداز میں کیا جائے۔
اس کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ممکنہ اختلاف کو دوطرفہ کشیدگی میں تبدیل کرنا بھی ضروری نہیں۔ جدید سفارت کاری میں ریاستیں بعض معاملات میں قریبی تعاون اور دوسرے معاملات میں مختلف ترجیحات رکھتے ہوئے تعلقات برقرار رکھتی ہیں۔ پاکستان اور امارات کے معاشی و سیاسی تعلقات اپنی جگہ اہم ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کی قیادت کے انتخاب میں پاکستان کے اصولی اور تزویراتی تحفظات کو الگ اہمیت حاصل ہے۔
بالآخر سیکریٹری جنرل کا انتخاب اس بنیادی سوال کی طرف واپس آتا ہے کہ کیا اقوام متحدہ عالمی طاقتوں کے درمیان سمجھوتے کا محدود ادارہ بن کر رہ جائے گی یا بین الاقوامی انصاف اور اجتماعی سلامتی کے لیے زیادہ آزادانہ کردار ادا کر سکے گی۔ یقیناً کسی ایک شخصیت سے عالمی ادارے کے تمام مسائل حل ہونے کی توقع حقیقت پسندانہ نہیں، لیکن مؤثر قیادت پیچیدہ تنازعات میں سفارتی امکانات پیدا کرنے اور عالمی رائے عامہ کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
پاکستان کے لیے اصل امتحان کسی ایک امیدوار کی حمایت یا مخالفت سے کہیں بڑا ہے۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ اسلام آباد اپنے روایتی دوست ممالک سے تعلقات، بدلتی ہوئی عالمی تزویراتی حقیقتوں اور دیرینہ خارجہ پالیسی اصولوں کے درمیان کس طرح توازن قائم کرتا ہے۔ مؤثر سفارتی فیصلہ وہ ہوگا جو وقتی مصلحتوں سے آگے بڑھ کر پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ، قومی مفادات اور طویل المدتی ترجیحات کو سامنے رکھے۔
کیونکہ بین الاقوامی سیاست میں دوستی کی اپنی اہمیت ہے، لیکن کسی ریاست کی سفارتی ساکھ بالآخر اس بات سے متعین ہوتی ہے کہ وہ اپنے مفادات، اصولوں اور عالمی ذمہ داریوں کے درمیان کس قدر مستقل اور قابل اعتماد توازن قائم رکھتی ہے۔
مصنف ڈاکٹر راجہ قیصر احمد، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں ایریا سٹڈی سینٹر برائے افریقہ، نارتھ و ساؤتھ امریکہ کے ڈائریکٹر ہیں۔ یہ تحریر ان کی رائے پر مبنی ہے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

