وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے منگل کو کہا ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ’کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی) سے منسلک ایک مسلح نیٹ ورک افغانستان سے اسلحہ سمگلنگ اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس نیٹ ورک کے بعض ارکان کے خوارج اور بھارتی خفیہ ایجنسی را سے روابط بھی ہیں۔‘
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ’اس نیٹ ورک کے ارکان کے پاس چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے علاوہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) اور دستی بم بھی موجود ہیں، جنہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے خلاف حملوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔‘
مئی 2024 میں جے اے اے سی تحریک نے شدت اختیار کی اور مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم پانچ افراد جان سے گئے، جن میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل تھا۔
ستمبر اور اکتوبر 2025 میں جے اے اے سی نے 38 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈز پیش کرتے ہوئے دوبارہ احتجاجی تحریک شروع کی۔
ان مطالبات میں حکومتی اخراجات اور مراعات میں کمی، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی اسمبلی کی پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے لیے مخصوص 12 نشستوں کا خاتمہ اور انتظامی اصلاحات شامل تھیں۔
وزیر مملکت کے مطابق ’ستمبر 2026 میں اس نیٹ ورک کے تین ارکان زرشاد، اکبر اور ضیاء السلام کی نشاندہی کی گئی تھی، جبکہ اکتوبر میں مزید تین ارکان وقار حمید، محمد علی اور عمیر لیاقت کو بے نقاب کیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حالیہ دنوں میں راولاکوٹ میں جاری دھرنے کے دوران مسلح گروہوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔‘
طلال چوہدری نے پریس کانفرنس میں جے اے اے سی سے منسلک مسلح افراد کی ویڈیوز اور دیگر شواہد بھی پیش کیے اور دعویٰ کیا کہ ان سے ان گروہوں کی مسلح سرگرمیوں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ ’اس نیٹ ورک کا ایک اہم رکن مازم الاسلام مبینہ طور پر اسلحہ ڈیلر کے طور پر کام کرتا ہے اور افغانستان سے اسلحہ سمگلنگ میں ملوث ہے۔‘
وزیر مملکت نے شہزاد نامی شخص کو بھی اس نیٹ ورک کا اہم رکن قرار دیا اور کہا کہ حالیہ اسلحہ برآمدگی کی تحقیقات میں اس کا کردار سامنے آیا ہے۔
ان کے بقول ’شہزاد افغانستان میں قیام کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی را سے رابطے میں رہا اور اس نے آزاد کشمیر سے مختلف افراد کو افغانستان منتقل کرنے اور وہاں انہیں تربیت دلوانے میں بھی کردار ادا کیا۔‘
طلال چوہدری نے کہا کہ ’شہزاد سوشل میڈیا پر اس مسلح گروہ کی حمایت میں بیانات دیتا رہا ہے اور ایک علیحدہ کشمیر فورس کے قیام کی مہم بھی چلا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستانی افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف سرگرمیاں ہیں۔‘
وزیر مملکت نے کہا کہ ’آزاد کشمیر میں امن و امان، عوام کے تحفظ اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘
انہوں نے خبردار کیا کہ ’ایسے مسلح گروہوں سے ریاست کے قانون کے مطابق پوری قوت سے نمٹا جائے گا اور ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی کی جائے گی۔‘