پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز: پہلا ایک روزہ میچ آج ملتان میں

ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پوران نے کہا کہ وہ بابراعظم کی زیرقیادت پاکستان کی مضبوط ٹیم جیسے چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پوران ٹرافی اٹھائے ہوئے ہیں (تصویر: پی سی بی)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین ایک روزہ میچز کے لیے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں آج بدھ سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔

14 سال بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کوئی بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیلا جائے گا۔

سیریز کے باقی دو میچزبھی 10 اور 12 جون کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔

دونوں ٹیمیں سیریز میں مثبت نتائج حاصل کرکے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں براہ راست رسائی کے لیے پرامید ہیں۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں یہ پاکستان کی پانچویں سیریز ہے۔ اس سے قبل کھیلی گئی چار سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے فتح حاصل کی ہے جبکہ اسے انگلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان نے حال ہی میں بابراعظم کی زیر قیادت آسٹریلیا کے خلاف ہوم ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کی ہے۔

یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف 20 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں پہلی فتح تھی۔

آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل بیٹرز رینکنگ میں بابراعظم سر فہرست ہیں۔ وہ سپر لیگ کے رواں سائیکل میں 90.2 کی اوسط سے 902 رنز بناچکے ہیں۔

اس دوران انہوں نے پانچ سنچریاں سکور کی ہیں۔ اس سائیکل میں پاکستان کے دوسرے بیٹر امام الحق ہیں جو اب تک 598 رنز بناچکے ہیں۔

انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دو سنچریاں اور ایک 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

باؤلنگ کے شعبے میں پاکستان کےشاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 19، 19 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

پاکستان کی ٹیم سپر لیگ کے 12 میں سے 6 میچز جیت کر دسویں نمبر پر موجود ہے۔ مہمان ٹیم 18 میں سے 8 میچز جیت کر پوائنٹس  ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ ملتان میں اس سیریز کے آغاز کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ ملتان کی عوام کرکٹ سے والہانہ محبت کرتی ہےاور انہیں یہاں آکر بہت اچھا لگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان ایک طویل عرصے بعد بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کررہا ہے اور وہ پرامید ہیں کہ فینز کو دونوں ٹیموں کے مابین سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

نکولس پوران نے کہا کہ وہ سیریز کے آغاز کے لیے بہت پرجوش اور سیریز جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ بابراعظم کی زیرقیادت پاکستان کی مضبوط ٹیم جیسے چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار ہیں۔ وہ نتائج کی پروا کیے بغیر میزبان سائیڈ کے خلاف متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

سیریز میں شامل تینوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ