سہ فریقی سیریز: انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں میں جاری میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

انگلینڈ کے عادل رشید (دائیں) 20 اکتوبر 2026 کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سہ فریقی کرکٹ سیریز کے میچ کے دوران پاکستان کے سلمان آغا (بائیں سے دوسرے) کی وکٹ لینے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ جشن منا رہے ہیں (عامر قریشی/ اے ایف پی)

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں منگل کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سہ فریقی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان نے گذشتہ اتوار کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں سلمان علی آغا نے شاندار سنچری سکور کرکے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا، تاہم رات کے وقت اوس پڑنے کے باعث بولرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف میچ کے لیے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ قومی ٹیم چار فاسٹ بولرز اور دو سپن آل راؤنڈرز ارفع منہاس اور صائم ایوب کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک، جنہوں نے پاکستان میں تینوں فارمیٹس کے 16 میچز میں مجموعی طور پر 1,126 رنز بنائے ہیں، کا کہنا تھا کہ ’آج رات اوس اہم کردار ادا کر سکتی ہے‘ اور انہیں امید ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کو کم سے کم سکور تک محدود رکھنے میں کامیاب ہوگی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انگلینڈ کو اس ٹرائی سیریز میں اہم کھلاڑیوں جوز بٹلر اور جوفرا آرچر کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔ بٹلر ہیم سٹرنگ انجری کا شکار ہیں، جبکہ آرچر کو آرام دیا گیا ہے۔

بٹلر کی جگہ جارڈن کاکس وکٹ کیپر کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہیں، جبکہ جوفرا آرچر کی جگہ سونی بیکر کو موقع دیا گیا ہے۔

انگلینڈ نے بھی چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ٹیم میں سپیشلسٹ سپنر عادل رشید بھی شامل ہیں۔

راولپنڈی میں جمعرات کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹرائی سیریز کا ایک اور میچ کھیلا جائے گا، جس کے بعد ٹورنامنٹ لاہور منتقل ہو جائے گا۔

ٹرائی سیریز کا فائنل بھی 31 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ