آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ: انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کا اعلان

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز ملائیشیا میں کھیلی جائے گی۔

بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کے باعث قومی کھلاڑیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔(پی سی بی)

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے حتمی سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں فارمیٹ کے لیے 15، 15 خواتین کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

عروج ممتاز کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سکواڈز میں چار، چار تبدیلیاں کی ہیں۔

دائیں ہاتھ کی بلے باز کائنات حفیظ اور آف سپنر رامین شمیم کو پہلی بار قومی ایک روزہ خواتین کرکٹ  ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ندا ڈار اور انعم امین کی ایک روزہ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

چاروں کھلاڑیوں کو ارم جاوید، کائنات امتیاز، سعدیہ اقبال اور ثناء میر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز میں ڈیبیو کرنے والی 15 سالہ سپنر عروب شاہ کو پہلی بار قومی خواتین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیلنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر ندا ڈارکی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں بھی واپسی ہوگئی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے دوران اے سی سی ایمرجنگ ویمنز ٹیمز ایشیا کپ میں شرکت کی غرض سے بنگلہ دیش میں موجود فاطمہ ثناء اور رامین شمیم کو بھی انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ویمنز سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

حتمی سکواڈ کے اعلان سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 21 نومبر سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں جاری ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 9 سے 20 دسمبر تک ملائیشیا میں جاری رہے گی۔ تمام میچز کنرارا اوول، کوالالمپور میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تین ایک روزہ میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کا حصہ ہیں۔

آٹھ ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا مقابلہ دوسرے نمبر پر موجود انگلینڈ کی ٹیم سے ہے۔

پاکستان ایک روزہ سیریز میں انگلینڈ کو شکست دے کر نیوزی لینڈ میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2021 میں براہ راست رسائی حاصل کرسکتا ہے۔

آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ میں اب تک 15 میچز میں پاکستان سات میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایک میچ برابر کر چکا ہے، جب کہ سات میچوں میں قومی خواتین ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آئندہ سال مکمل ہونے والی چیمپیئن شپ کے پہلے مرحلے کے اختتام پر چار بہترین ٹیموں کو ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی ملے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چیئر آف ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی کرکٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد سکواڈز کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کبھی بھی آسان نہیں ہوتی اور اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم تیار کی گئی ہے۔

عروج ممتاز نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کے پول میں اضافے کے سبب ٹیم سلیکشن میں وقت لگا۔ انہوں نے کہا کہ کئی کھلاڑیوں کو پہلی بار سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

عروج ممتاز نے کہا کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم، آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ میں بہتر کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کے باعث قومی کھلاڑیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام:

ایک روزہ سیریز:

بسمعہ معروف (کپتان)، عالیہ ریاض، انعم امین، عروب شاہ، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء،جویریہ خان،کائنات حفیظ، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، سدرہ امین اور سدرہ نواز۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز:

بسمعہ معروف (کپتان)، عالیہ ریاض، انعم امین، عروب شاہ، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، ارم جاوید، جویریہ خان، ناہیدہ خان، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، سعدیہ اقبال اور سدرہ نواز۔

شیڈول:

9 دسمبر: پہلا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارااکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپیئن شپ)

12 دسمبر: دوسرا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارااکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپیئن شپ)

14 دسمبر: تیسرا ایک روزہ میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارااکیڈمی اوول (آئی سی ویمنز چیمپیئن شپ)

17دسمبر: پہلا ٹی ٹونٹی میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارااکیڈمی اوول

19 دسمبر: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ بمقام کنرارا اکیڈمی اوول

20 دسمبر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ ، پاکستان بمقابلہ انگلیند بمقام کنرارا اکیڈمی اوول

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ