بھارتی انتخابات: نریندر مودی کی کھلاڑیوں اور اداکاروں کے نام ٹویٹس

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات سے قبل بالی وڈ اداکاروں اور کھلاڑیوں سے مدد مانگ لی ہے۔

تصویر: اے ایف پی

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات سے قبل بالی وڈ اداکاروں اور کھلاڑیوں سے مدد مانگ لی ہے۔

نریندر مودی نے بدھ کو سلسلہ وار ٹوئٹس میں معروف شخصیات سے ان کے لیے ووٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔

انھوں نے ایک ساتھ ہی کل 29 ٹوئٹس کیں جن میں انھوں نے بھارت کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی، مہیندر سنگھ دھونی، بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان، اکشے کمار، رنویر سنگھ اور وکی کوشال وغیرہ سے ووٹرز کو راغب کرنے کی درخواست کی ہے۔

بھارت میں عام انتخابات 11 اپریل سے 19 مئی کے درمیان مرحلہ وار ہو رہے ہیں۔

خبر راساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 68 سالہ مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے 2014 میں الیکشن جیت کر تین دہائیوں میں پہلی مرتبہ اکثریتی حکومت بنائی تھی۔ اپوزیشن جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ مودی حکومت کی بڑی پالیسیاں ملازمتیں پیدا کرنے اور دیہی علاقوں میں قرضوں میں ڈوبے کسانوں کی خود کشیاں روکنے میں ناکام رہی ہے۔

تاہم، معاشی اور دوسرے شعبوں میں ناکامیوں کے بعد مودی حکومت کو پاکستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی سے فائدہ پہنچا ہے۔

نریندر مودی کی ٹوئٹس کی بوچھاڑ

نریندر مودی جو ٹوئٹر پر خاصے فعال ہیں اور ان کے چار کروڑ 63 لاکھ کے قریب فالوورز ہیں۔ انھوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سیاسی مخالفین کو بھی مخاطب کیا جن میں کانگریس پارٹی کے سربراہ راہل گاندھی بھی شامل ہیں۔

اپنی ایک ٹویٹ میں انھوں نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’آپ کرکٹ کے میدانوں پر ہمیشہ زبردست ریکارڈ بناتے رہے ہیں، لیکن اب انڈیا کے عوام کو اس بات پر راغب کریں کہ وہ عام انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ کا ریکارڈ قائم کریں۔‘

’جب ایسا ہوگا تو جمہوریت کی جیت ہوگی۔‘

راہل گاندھی کے حوالے سے انھوں اپنی ٹویٹ میں کہا: ’زیادہ تعداد میں لوگوں کا ووٹ ڈالنے کے لیے نکلنا جمہوریت کے لیے اچھی بات ہے۔‘

اس کے علاوہ انھوں نے بالی وڈ اداکاروں رنویر سنگھ اور کوشال کو مخاطب کرنے کے لیے انھیں کی مشہور فلموں ’گلی بوائے‘ اور ’اڑی: دی سرجیکل سٹرائیک‘ کے ڈائیلاگز کا انتخاب کیا اور کہا کہ وہ نوجوانوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی جانب راغب کریں۔

 ’اب انھیں (نوجوانوں) کو بتانے کا وقت آ گیا ہے کہ اپنا وقت آ گیا ہے اور اپنے قریبی انتخابی مراکز میں زیادہ جوش کے ساتھ جائیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل