عامر خان کا عالمی باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں عامر خان نے لکھا کہ ان کی ریٹائرمنٹ کا وقت آ چکا ہے۔

عامر خان 17 اپریل 2018 کو لیورپول کے پیراڈائز پلیس میں ایک پری فائٹ پبلک ورک آؤٹ میں شریک ہیں  (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے عالمی باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا.

جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں عامر خان نے لکھا کہ ان کی ریٹائرمنٹ کا وقت آ چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ’میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے 27 سال پر محیط ایک حیرت انگیز کیریئر ملا ہے۔ میں دل کی گہرائیوں سے ان شاندار ٹیمز کا جن کے ساتھ میں نے کام کیا ہے اور اپنے خاندان، دوستوں اور مداحوں کا ان کی محبت اور حمایت کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘

35 سالہ عامر خان نے رواں سال فروری میں مانچسٹر میں کیل بروک کے خلاف چھٹے راؤنڈ میں فائٹ ہارنے کے بعد باکسنگ سے ریٹائرمنٹ لینے کا عندیہ دیا تھا۔

اس میچ میں شکست کے بعد ان سے ایک رپورٹر نے پوچھا تھا کہ کیا وہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہے ہیں؟ جس کے جواب میں عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں ہمیشہ سے کہتا رہا ہوں کہ میں یہ نہیں چاہتا کہ باکسنگ مجھے ریٹائر کر بلکہ میں باکسنگ سے ریٹائرمنٹ لوں۔‘

باکسر کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے میں نے اپنی امید سے زیادہ کامیابی حاصل کرلی ہے۔ میں 17 سال کی عمر میں اولمپکس کا حصہ تھا اور 22 سال کی عمر میں اپنا پہلا ٹائٹل جیت چکا تھا۔ میں بہت لمبے عرصے سے کھیل میں ہوں اور اب میری عمر زیادہ ہو گئی ہے۔

عامر خان کی زندگی رِنگ اور رِنگ سے باہر تنازعات سے بھری رہی ہے۔ ان کی اپنی اہلیہ فریال سے کشیدگی گھریلو جھگڑوں سے شروع ہو کر علیحدگی تک جا پہنچا تھی۔

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل