’ہاں بولو ورنہ بہت بے عزتی ہوجائے گی‘

لکس سٹائل ایوارڈز شو میں یاسر حسین نے سب کے سامنے اقرا عزیز کو رومانوی انداز میں شادی کی پیشکش کی، جس پر سوشل میڈیا پر تبصروں کا بازار گرم ہے۔

یاسر حسین لکس سٹائل ایوارڈز  شو میں  اقرا عزیز کو  شادی کی پیشکش کے بعد انگوٹھی پہناتے ہوئے (ویڈیو سکرین گریب)

پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز اور اداکار و میزبان یاسر حسین کی دوستی اور تعلق کی خبریں کافی عرصے سے گردش کر رہی تھیں اور مداح اس بات کے انتظار میں تھے کہ کب اس تعلق کو رشتے میں بدلنے کی خوشخبری ملتی ہے، لیکن مداحوں کو شاید یہ نہیں پتہ تھا کہ یاسر خود اس انتظار میں تھے کہ کب اور کس موقع پر وہ اپنے دل کی بات اقرا سے کہہ سکیں۔

یہ موقع آیا گذشتہ رات لکس سٹائل ایوارڈز 2019 کی رنگا رنگ تقریب کے دوران، جہاں یاسر حسین نے بڑے رومانوی انداز میں پوری دنیا کے سامنے اقرا عزیز کے آگے گھٹنے ٹیک دیے اور انہیں شادی کی پیشکش کی اور ان کے ہاں بولنے پر انگوٹھی پہنائی۔

ایوارڈ شو کے دوران یاسر حسین دھیمی چال چلتے ہوئے ان نشستوں کی جانب آئے جہاں اقرا عزیز، اداکار ندیم اور ماضی کی اداکارہ شبنم کے ساتھ براجمان تھیں۔

اس موقع پر ہمیشہ اپنے چٹکلوں سے لوگوں کو محظوظ کرنے والے یاسر کچھ سنجیدہ مزاج نظر آئے۔ مداحوں نے سنا، وہ کہہ رہے تھے: ’ویسے تو مجھے بہت ساری باتیں کرنی آتی ہیں، سکرپٹ بھی لکھتا ہوں اور اداکاری بھی کرتا ہوں، لیکن ابھی مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاید ایوارڈ شو میں موجود لوگ جان چکے تھے کہ وہ کیا کہنا چاہ رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ لوگوں نے خوشی کا اظہار شروع کر دیا اور اسی شور شرابے کے دوران یاسر کی آواز سنائی دی۔ ’جب زندگی کا معاملہ آتا ہے تو سب کچھ بھول جاتا ہے۔ مجھے ایک لڑکی ملی، جو مجھے بہت پسند آئی تو میں نے سوچا کہ کیوں نہ اس کے ساتھ پوری زندگی گزاری جائے۔‘

لکس سٹائل ایوارڈ شو میں اقرا عزیز نے دو کیٹیگریز میں ایوارڈز جیتے، اسی بات کو یاسر نے اپنے پروپوزل کے ساتھ جوڑتے ہوئے کہا: ’اتنا کنفیوژ میں پوری زندگی میں کبھی نہیں ہوا، حتیٰ کہ رزلٹ کے دن بھی نہیں ہوا۔ آج جب اسے (اقرا کو) دو ایوارڈز ملے ہیں تو میں نے سوچا کہ یہی موقع اچھا ہے، تیسرا ایوارڈ بھی ابھی دے دینا چاہیے۔‘

اقرا عزیز کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھتے ہوئے یاسر نے کہا: ’میری ٹانگوں میں اتنی جان نہیں ہے کہ میں کھڑا رہ سکوں، میں زمین پر بیٹھنا چاہتا ہوں۔‘

اور پھر وہ لمحہ آیا جب یاسر حسین نے اقرا کو مخاطب کر کے کہا: ’کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟ ہاں بولو ورنہ بہت بے عزتی ہوجائے گی۔‘

اس پورے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں یاسر حسین کو اقرا عزیز کو گلے لگا کر بوسے لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس ویڈیو پر بھانت بھانت کے تبصرے کیے جارہے ہیں، جن میں زیادہ تعداد ان لوگوں کی ہے جنہوں نے سرعام محبت کے کھلم کھلا اظہار پر دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

فاطمہ مظہر نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ انہوں پروپوزل کے بعد والی چیز (گلے لگانا اور بوسہ لینا) بالکل پسند نہیں آیا۔

کچھ صارفین نے لکھا کہ اسلامی ملک میں رہتے ہوئے اپنی اقدار کو نہیں بھولنا چاہیے۔

لیکن کچھ لوگ ایسے بھی تھے، جنہوں نے یاسر اور اقرا کے اس عمل کو سراہا اور اسے محبت کے اظہار کا طریقہ کہا۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ یاسر نے اقرا کو شادی کی پیشکش کی، جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ اس میں کچھ بھی غلط نہیں ہے۔

ایک صارف نے یاسر اور اقرا کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو مخاطب کر کے کہا کہ دوسروں کی خوشی میں خوش ہونا سیکھیں۔ اگر آپ کسی کی خوشی کا ذریعہ نہیں بن سکتے تو کم از کم اسے برباد بھی نہ کریں۔

یہ بحث تو اپنی جگہ لیکن اس سارے واقعے پر بہت سی دلچسپ میمز بھی گردش کر رہی ہیں، یہاں ملاحظہ کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل