پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے اتوار کو بتایا کہ سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار نے آج علاقائی صورت حال پر غور کرنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر ہم آہنگی مضبوط بنانے کے لیے ’ریجنل فور‘ (R4) گروپ کا اجلاس بلانے پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی عرب اور پاکستان، مصر اور ترکی کے ساتھ آر فور گروپ کے رکن ہیں، اور امریکہ ایران جنگ، غزہ پر اسرائیلی حملوں اور سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے حملوں سمیت دیگر علاقائی معاملات پر قریبی رابطے میں ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان یہ ٹیلی فونک رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی ہے اور تہران اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملے کیے جا رہے ہیں۔
بحرین کے حکام نے ہفتے کو کہا تھا کہ ایران نے ایک شہری صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایا جبکہ سعودی عرب نے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی طرف بھیجے گئے ایک اور ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے اسحاق ڈار کی اپنے سعودی ہم منصب سے گفتگو کے بعد کہا کہ ’دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر بات چیت کی۔‘
وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ ’انہوں نے علاقائی پیشرفت پر مشاورت جاری رکھنے کے لیے مستقبل قریب میں آر فور وزرائے خارجہ کا اجلاس بلانے کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔‘
’دونوں فریقین نے سفارتی رابطوں کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔‘
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 held a telephone conversation with the Foreign Minister of the Kingdom of Saudi Arabia, H.H. Prince Faisal bin Farhan Al Saud @FaisalbinFarhan, today. The two leaders discussed cooperation at multilateral fora and ways to further strengthen coordination on matters of mutual interest. They also discussed the possible convening of a meeting in the near future of the R4 Foreign Ministers to continue consultations on regional developments. Both sides agreed to remain in close contact to sustain the momentum of diplomatic engagements.
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) November 22, 2026
ہفتے کو اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ جرمنی نے خلیج میں کشیدگی کم کرنے کے مقصد سے دسمبر میں ہونے والے مذاکرات کے لیے آر فور اور برطانیہ، فرانس، جرمنی و اٹلی پر مشتمل ’یورپی فور‘ (E4) گروپ کے وزرائے خارجہ کو مدعو کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان آٹھوں ممالک کا آخری اجلاس 23 اکتوبر کو استنبول میں ہوا تھا، جہاں ان کے وزرائے خارجہ نے ایران کے ساتھ امریکہ اسرائیل تنازع، اسرائیل فلسطین تنازع اور آبنائے ہرمز و باب المندب میں کشیدگی سمیت بحری جہاز رانی کو لاحق خطرات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
فروری 2026 میں تنازع شروع ہونے کے بعد سے پاکستان واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایک اہم ثالث کے طور پر ابھرا ہے، جس نے اپریل میں اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات کی میزبانی کی اور 18 جون کو طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
تاہم اس معاہدے پر عمل درآمد میں مشکلات کا سامنا رہا ہے، کیونکہ دونوں فریقین کے درمیان اختلافات برقرار ہیں اور سٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت میں تعطل جاری ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان معاہدے کو بچانے اور مزید کشیدگی روکنے کے لیے دونوں حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے ہفتے کو کہا تھا کہ ’پاکستان نے ہمت نہیں ہاری۔ ہم اب بھی بھرپور محنت کر رہے ہیں اور دونوں فریقین کو مسلسل قائل کر رہے ہیں کہ وہ 18 جون کو کیے گئے معاہدے کا احترام اور پاسداری کریں۔‘