پشاور کے 52 سالہ طارق خان کے لیے لکڑی کے وہ ٹکڑے جنہیں عام طور پر جلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، صرف بے کار لکڑی نہیں۔ وہ انہیں تراش کر کھلونے اور ایسے نمونے بناتے ہیں جن میں خیبر پختونخوا اور پنجاب کی ثقافت، دیہی زندگی اور ماضی کے روایتی پیشے دکھائی دیتے ہیں۔
گذشتہ 35 سے 40 برس سے وہ اسی کام سے وابستہ ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بچپن کا ایک شوق اب ان کے روزگار کا ذریعہ بن چکا ہے۔
طارق خان کے بنائے ہوئے نمونوں میں کھیتی باڑی، لکڑی جمع کرنے اور دھاگا بنانے جیسے روایتی کام شامل ہیں۔ ان کے مطابق، وہ ان سرگرمیوں کو اپنے کام میں جگہ دیتے ہیں جو ان کے بزرگوں کے زمانے میں روزمرہ زندگی کا حصہ تھیں۔ ان کے نمونے صرف خیبر پختونخوا کی ثقافت تک محدود نہیں بلکہ پنجاب کے روایتی رہن سہن اور پیشوں کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔
لکڑی سے چیزیں بنانے کا شوق انہیں اپنے والد کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے پیدا ہوا۔ ان کے والد ترکھان تھے اور طارق خان بچپن میں ان کے ساتھ جایا کرتے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ والد کا کام دیکھتے دیکھتے انہیں بھی لکڑی سے مختلف چیزیں بنانے میں دلچسپی ہونے لگی۔ انہوں نے والد کا پیشہ تو نہیں اپنایا، لیکن اسی ماحول میں اس فن کو سیکھنا شروع کر دیا۔
طارق خان بتاتے ہیں کہ ’مجھے بچپن ہی سے اس کام کا شوق تھا۔ میں نے اس شوق کو برقرار رکھا اور تقریباً 35 سے 40 سال سے یہ کام کر رہا ہوں۔ اب یہی میرا روزگار بھی ہے اور لوگ میری بنائی ہوئی چیزوں کو پسند بھی کرتے ہیں۔‘
ان کے لیے ہر نمونے کا آغاز ایک خیال سے ہوتا ہے۔ کبھی کسی شہر یا جگہ کا تصور ذہن میں آتا ہے اور کبھی ماضی میں رائج کسی پیشے یا کام کو لکڑی میں ڈھالنے کا خیال۔ اس کے بعد وہ اپنے ہاتھوں سے اس خیال کو ایک شکل دیتے ہیں۔ طارق خان کے بقول، ان کے بنائے ہوئے نمونے خیبر پختونخوا اور پنجاب کی ثقافت سے تعلق رکھتے ہیں اور ان میں وہ کام بھی شامل ہیں جو ہمارے بزرگ کیا کرتے تھے۔
وہ کہتے ہیں: ’یہ سارے ثقافتی نمونے ہیں۔ ان میں خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وہ کام دکھائے گئے ہیں جو ہمارے بزرگوں کے دور میں ہوتے تھے۔ کبھی کسی جگہ یا شہر کا خیال ذہن میں آتا ہے تو میں اسے اپنے ہاتھوں سے ایک نمونے کی شکل دے دیتا ہوں۔‘
ان نمونوں کی تیاری میں لگنے والا وقت ان کی ساخت اور تفصیل پر منحصر ہوتا ہے۔ کوئی چیز ایک دن میں تیار ہو جاتی ہے، جبکہ بعض نمونوں پر دو دن بھی لگ جاتے ہیں۔ قیمت کے بارے میں طارق خان بتاتے ہیں کہ ان کی بنائی ہوئی چیزیں عموماً تین سے پانچ ہزار روپے میں فروخت ہوتی ہیں۔
وہ ایسی لکڑی استعمال کرتے ہیں جسے عام طور پر جلانے کے لیے رکھا جاتا ہے۔ ان کے بقول، وہ اسی لکڑی کو تراش کر ایک نئی شکل دیتے ہیں۔ اس طرح ایک ایسا خام مال جو عموماً کسی خاص اہمیت کا حامل نہیں سمجھا جاتا، ان کے ہاتھوں سے کھلونے اور ثقافتی نمونے بن جاتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
طارق خان کے مطابق ان کی دکان پر خیبر پختونخوا کے لوگ بھی آتے ہیں اور پنجاب سے آنے والے خریدار بھی ان کے کام میں دلچسپی لیتے ہیں۔ بعض لوگ ایک نمونہ خریدنے آتے ہیں، لیکن پسند آنے پر دو یا تین چیزیں بھی لے جاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ لوگ ان کے کام کو پسند کرتے ہیں اور اس سے انہیں حوصلہ ملتا ہے۔
ان کا بازار میں دستیاب پلاسٹک کے کھلونوں کے بارے میں کہنا ہے کہ عام کھلونوں کے مقابلے میں وہ اپنے کام کے ذریعے مقامی ثقافت کو نمایاں کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’باہر سے آنے والے کھلونے زیادہ تر پلاسٹک کے ہوتے ہیں اور جدید ہوتے ہیں لیکن میں نے اپنے بنائے ہوئے نمونوں میں اپنی ثقافت کو زندہ رکھا ہوا ہے یہ ہماری اپنی ثقافت ہے۔‘
طارق خان کے دو بیٹے ہیں جن کی عمریں 17 اور 19 سال ہیں۔ دونوں اپنے والد سے یہ فن سیکھ چکے ہیں۔
طارق خان کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ کام ان تک محدود نہ رہے بلکہ ان کے بعد بھی جاری رہے۔ ان کے خیال میں جدید دور میں لوگ اپنی ثقافت اور روایات سے بتدریج دور ہو رہے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ نئی نسل کو اپنے بزرگوں کے رہن سہن اور ان کے دور کے کاموں سے آگاہ رکھا جائے۔
وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے بنائے ہوئے نمونے لوگوں کو اپنی ثقافت سے جوڑنے کا ایک ذریعہ ہیں۔ اپنے بیٹوں کو یہ فن سکھانے کے پیچھے بھی ان کی یہی خواہش ہے کہ یہ ہنر ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل ہو اور ان روایات کی پہچان برقرار رہے جنہیں وہ گذشتہ کئی دہائیوں سے لکڑی میں ڈھالتے آ رہے ہیں۔