اقوام متحدہ کے رواں ہفتے جاری ہونے والے تازہ ترین ای-گورننس سروے میں پاکستان نے 17 درجے ترقی کی ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل عوامی خدمات کی فراہمی میں آنے والی بہتری کی عکاس ہے۔
اس سروے کے 14ویں ایڈیشن میں بتایا گیا کہ 194 میں سے 151 ممالک اب ’ای-گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس‘ (EGDI) میں ’اعلیٰ‘ یا ’انتہائی اعلیٰ‘ درجے پر پہنچ چکے ہیں۔
جس میں مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس اور ممکنہ طور پر خودمختار (agentic) عوامی نظم و نسق کی جانب منتقلی کا جائزہ لیا گیا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
یہ رپورٹ زیادہ فعال اور فوری ردعمل دینے والی خدمات کے مواقع کو اجاگر کرتی ہے۔
’ای جی ڈی آئی 2026‘ میں 194 ممالک کی فہرست میں پاکستان 119ویں نمبر پر آ گیا ہے، جس میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ حکومتیں شہریوں کو آن لائن خدمات کتنے مؤثر انداز میں فراہم کرتی ہیں۔
اس انڈیکس میں یہ پاکستان کی مسلسل دوسری بہتری ہے۔
اس سے قبل 2024 میں پاکستان 136ویں جبکہ 2022 میں 150ویں نمبر پر تھا۔
ملک کا مجموعی ای جی ڈی آئی سکور 23 فیصد اضافے کے ساتھ 2024 کے0.5096 سے بڑھ کر 2026 میں 0.6264 ہو گیا ہے۔
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی جب 24 کروڑ سے زائد آبادی والا یہ ملک اپنے ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے کو تیز کر رہا ہے، جہاں حکومت آن لائن عوامی خدمات کو وسعت دے رہی ہے۔
ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دے رہی ہے اور انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی و سرکاری پلیٹ فارمز تک شہریوں کی رسائی بہتر بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔
سروے میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کی یہ بہتری ’ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025‘ کے نفاذ کے ساتھ ہم آہنگ ہے، جو قومی سطح پر ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے ایک زیادہ باضابطہ گورننس ڈھانچہ قائم کرتا ہے۔‘
گذشتہ سال شروع کیے گئے ’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘ اقدام کا مقصد قومی سائبر انفراسٹرکچر کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ای-گورننس، کیش لیس معیشت اور آن لائن عوامی خدمات کو وسعت دینا ہے۔
سروے کے مطابق 2026 میں جنوبی ایشیا نمایاں رہا اور اس نے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر (DPI) کی بدولت تیز رفتار ترقی اور موبائل پر مبنی خدمات کے ذریعے فرق مٹانے کا ملا جلا رجحان پیش کیا۔
خطے میں سب سے زیادہ بہتری دکھانے والے ممالک میں پاکستان شامل رہا، جبکہ انڈیا ای جی ڈی آئی کے ’انتہائی اعلیٰ‘ گروپ میں شامل ہو گیا اور نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش کی درجہ بندی میں بھی بہتری آئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مجموعی طور پر یہ تبدیلیاں ظاہر کرتی ہیں کہ جنوبی ایشیا ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر ماڈلز کے پھیلاؤ، موبائل کے ذریعے قابلِ رسائی خدمات کی فراہمی اور ڈیجیٹل ریاست کی وسیع تر جدید کاری سے مستفید ہو رہا ہے۔
تاہم اس کے ساتھ ہی اس ذیلی خطے میں صورت حال اب بھی غیر مساوی ہے، اور ان بہتریوں کو استطاعت، شمولیت، انفراسٹرکچر کے معیار، ادارہ جاتی عمل درآمد اور قانونی و پالیسی اصلاحات کو ٹھوس عوامی خدمات میں ڈھالنے کی صلاحیت سے جڑے دیرینہ چیلنجز کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قانون سازی کی منظوری کو اس بات کا ثبوت نہیں سمجھا جانا چاہیے کہ عمل درآمد کے اثرات مکمل طور پر حاصل کر لیے گئے ہیں۔
سروے کے مطابق، ’اس کی اہمیت بنیادی طور پر مستقبل کی ہم آہنگی کے لیے ادارہ جاتی اور قانونی بنیادیں فراہم کرنے میں مضمر ہے۔‘
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’خدمات کی فراہمی، باہمی ربط (انٹرآپریبلٹی)، ڈیٹا گورننس اور صارفین کو ملنے والے نتائج میں ٹھوس بہتری کا انحصار وسیع تر اور ہمہ گیر سطح پر ڈیجیٹل حل کے مؤثر نفاذ اور ملک گیر پھیلاؤ پر ہوگا، جس کے لیے مناسب بجٹ ترجیحات، مطلوبہ مہارتوں، ادارہ جاتی و تنظیمی صلاحیت، وافر مالی، تکنیکی و انسانی وسائل اور پائیدار سیاسی عزم کی معاونت ضروری ہے۔‘