پیٹرول گاڑی کو الیکٹرک بنانے پر کتنا خرچ اور روزانہ کتنی بچت؟

بعض ڈرائیوروں کا دعویٰ ہے کہ گاڑی تبدیل کروانے کے بعد ان کا روزانہ ایندھن کا خرچ پانچ ہزار سے کم ہو کر تقریباً 1200 روپے رہ گیا ہے۔

پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں اور گاڑی چلانے کے اخراجات سے پریشان شہریوں کے لیے اسلام آباد کے ایک نوجوان نے پرانی گاڑیوں کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے کا ایک سٹارٹ اپ شروع کر رکھا ہے، جس پر تقریباً نو سے 10 لاکھ روپے خرچ آتا ہے لیکن اسے استعمال کرنے والے بعض ڈرائیوروں کے مطابق روزانہ ہزاروں روپے کی بچت ہو رہی ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں سٹارٹ اپ ای وی سکوائر (EV Square) کے شریک بانی محمد حسان نے بتایا کہ پرانی گاڑیوں کا پیٹرول انجن نکال کر اس کی جگہ الیکٹرک موٹر اور بیٹری نصب کی جاتی ہے، جس کے بعد مہران، آلٹو، کلٹس اور دیگر گاڑیاں پیٹرول کے بجائے بجلی سے چلنے لگتی ہیں۔

ان کے مطابق یہ گاڑیاں گھر کے عام بجلی کے ساکٹ سے چارج ہو سکتی ہیں اور بیٹری کے سائز کے مطابق ایک چارج پر تقریباً 150 سے 240 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

تاہم سوال یہ ہے کہ پرانی گاڑی کو الیکٹرک میں تبدیل کروانے پر کتنا خرچ آتا ہے؟ اسے چارج کرنے کے لیے کتنی بجلی درکار ہوتی ہے اور کیا یہ تبدیلی واقعی پیٹرول کے مقابلے میں سستی پڑتی ہے؟

روزانہ پانچ ہزار کا خرچ 1200 روپے کیسے ہوا؟

اسلام آباد میں ٹیکسی چلانے والے ڈرائیور ناصر علی گذشتہ ڈھائی سال سے گاڑی چلا رہے ہیں اور انہوں نے تقریباً ڈھائی ماہ قبل اپنی گاڑی پیٹرول سے الیکٹرک میں تبدیل کروائی ہے۔

ناصر علی کے مطابق اس سے پہلے وہ پیٹرول اور بعد میں سی این جی استعمال کرتے تھے، جس پر ان کا روزانہ تقریباً پانچ ہزار سے ساڑھے پانچ ہزار روپے خرچ ہوتا تھا۔

اس وقت ان کی روزانہ آمدن تقریباً ساڑھے آٹھ سے نو ہزار روپے تھی۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ گاڑی الیکٹرک کروانے کے بعد اب اسے چارج کرنے پر روزانہ تقریباً 1200 سے 1300 روپے خرچ ہوتے ہیں جبکہ ان کی آمدن تقریباً نو سے 10 ہزار روپے تک ہے۔

ناصر علی کے مطابق انہوں نے 200 کلومیٹر رینج والا ویریئنٹ منتخب کیا تھا، لیکن ان کی گاڑی ایک چارج پر تقریباً 240 کلومیٹر تک سفر کر لیتی ہے۔

گاڑی کو مکمل چارج ہونے میں سات سے آٹھ گھنٹے لگتے ہیں اور ان کے بقول تبدیلی کے بعد اب تک انہیں کسی تکنیکی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

ناصر علی نے بتایا کہ پہلے ان کی ماہانہ مجموعی آمدن تقریباً ڈھائی لاکھ سے دو لاکھ 70 ہزار روپے تھی لیکن اس میں سے ڈیڑھ لاکھ سے ایک لاکھ 60 ہزار روپے تک ایندھن پر خرچ ہو جاتے تھے۔

ان کے مطابق اب بجلی پر کم خرچ آنے کی وجہ سے آمدن کا زیادہ حصہ ان کے پاس بچ جاتا ہے۔

پرانی گاڑی الیکٹرک بنانے پر کتنا خرچ آتا ہے؟

سٹارٹ اپ ای وی سکوائر کے شریک بانی محمد حسان کے مطابق وہ مہران، بولان، آلٹو، کلٹس، کرولا اور میرا سمیت مختلف گاڑیوں کو الیکٹرک میں تبدیل کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس فی الحال دو بنیادی ویریئنٹس دستیاب ہیں۔

پہلے ویریئنٹ میں 15 کلو واٹ آور کی بیٹری نصب کی جاتی ہے جس سے گاڑی تقریباً 150 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہے اور اس کی قیمت آٹھ لاکھ 70 ہزار روپے ہے۔

جبکہ دوسرے ویریئنٹ میں 23 کلو واٹ آور کی بیٹری استعمال ہوتی ہے، جس سے گاڑی 200 کلومیٹر سے زیادہ اور بعض حالات میں 230 سے 240 کلومیٹر تک چل سکتی ہے۔

محمد حسان کے مطابق اس ویریئنٹ کی قیمت پہلے تقریباً ساڑھے 10 لاکھ روپے تھی، جسے کم کرکے نو لاکھ 90 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گاڑی کی بیٹری کا سائز بڑھا کر رینج 250 کلومیٹر سے زیادہ کرنا مشکل ہے کیونکہ بڑی بیٹری سے گاڑی کا وزن اور توازن متاثر ہو سکتا ہے۔

گھر پر گاڑی چارج کرنے میں کتنی بجلی خرچ ہوتی ہے؟

محمد حسان کے مطابق ان کی تبدیل کردہ گاڑیوں کو گھر میں عام 220 وولٹ کے بجلی کے ساکٹ سے چارج کیا جا سکتا ہے۔

150 کلومیٹر رینج والے ویریئنٹ کو مکمل چارج ہونے میں تقریباً چھ گھنٹے جبکہ بڑے بیٹری پیک والی گاڑی کو آٹھ گھنٹے لگتے ہیں، تاہم یہ گاڑیاں ڈی سی فاسٹ چارجر سے چارج نہیں کی جا سکتیں۔

اس تبدیلی سے فائدہ اٹھانے والے ایک اور شہری عبدالواحد ہیں جو الیکٹریکل انجینیئر اور سولر انرجی کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے تقریباً 10 ماہ پہلے اپنی گاڑی الیکٹرک میں تبدیل کروائی تھی اور تجربہ بہتر رہنے پر انہوں نے اپنی دوسری گاڑی کلٹس کو بھی الیکٹرک کروا لیا۔

عبدالواحد کے مطابق ان کی گاڑی ایک چارج پر تقریباً 200 سے 250 کلومیٹر سفر کرتی ہے۔

ان کے بقول 220 سے 230 کلومیٹر سفر کے لیے تقریباً 1500 سے 1800 روپے کی بجلی خرچ ہوتی ہے جبکہ یہی فاصلہ پیٹرول پر طے کرنے کے لیے چار سے پانچ ہزار روپے درکار ہوتے ہیں۔

عبدالواحد روزانہ تقریباً 150 سے 200 کلومیٹر گاڑی استعمال کرتے ہیں۔

ان کے گھر میں پہلے سے سولر سسٹم موجود ہے جس سے وہ گاڑی چارج کرتے ہیں اور ان کے مطابق مکمل چارج کے لیے تقریباً 20 سے 25 یونٹ بجلی درکار ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گاڑی الیکٹرک میں تبدیل ہونے کے بعد اسے چلانا بھی آسان محسوس ہوتا ہے اور مینوئل گاڑی کے بجائے آٹومیٹک گاڑی جیسی سہولت ملتی ہے۔

پیٹرول گاڑی کو الیکٹرک کیسے بنایا جاتا ہے؟

محمد حسان کے مطابق گاڑی تبدیل کرنے سے پہلے اس کے چیسز، گیئر باکس اور دیگر اہم حصوں کا معائنہ کیا جاتا ہے۔

گاڑی کی مکینیکل حالت تسلی بخش ہونے پر اس کا پیٹرول انجن، ریڈی ایٹر، فیول ٹینک اور ایگزاسٹ پائپ سمیت غیر ضروری پرزے نکال دیے جاتے ہیں۔

اس کے بعد پیٹرول انجن کی جگہ الیکٹرک موٹر اور گاڑی کے پچھلے حصے میں لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری نصب کی جاتی ہے۔

محمد حسان کے مطابق گاڑی میں نئی ہائی وولٹیج وائرنگ اور حفاظتی انتظامات بھی کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس تبدیلی کے لیے گاڑی کا مینوئل گیئر باکس ہونا ضروری ہے کیونکہ آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ موٹر نصب کرنے سے توانائی کے ضیاع کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔

ان کے مطابق ایک گاڑی کو مکمل الیکٹرک بنانے میں تقریباً دو ہفتے لگتے ہیں جس کے بعد اس میں پیٹرول کا نظام مکمل طور پر ختم ہو جاتا ہے۔

پرانی گاڑیوں کو الیکٹرک بنانے کا خیال کیسے آیا؟

محمد حسان نے بتایا کہ انہیں 2021 میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ انٹرن شپ کے دوران پاکستان میں موجود پیٹرول گاڑیوں کو الیکٹرک بنانے کا خیال آیا۔ 2022 میں انہوں نے پہلی گاڑی تیار کی جبکہ 2024 میں اپنا سٹارٹ اپ ای وی سکوائر قائم کیا۔

ان کے مطابق بیرون ملک سے نئی الیکٹرک گاڑی درآمد کرنا مہنگا پڑتا ہے، اس لیے انہوں نے پاکستان میں پہلے سے موجود گاڑیوں کو تبدیل کرنے پر کام شروع کیا۔

محمد حسان کے مطابق اب تک وہ 15 سے زائد گاڑیاں الیکٹرک میں تبدیل کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں ان سے رابطہ کرنے والوں میں آن لائن ٹیکسی ڈرائیوروں کی تعداد بڑھ رہی ہے کیونکہ ان کے لیے پیٹرول کے بڑھتے ہوئے اخراجات برداشت کرنا مشکل ہو رہا ہے۔

محمد حسان کے مطابق ان کی تبدیل کردہ بعض گاڑیاں اس وقت بھی آن لائن ٹیکسی ڈرائیور استعمال کر رہے ہیں۔

اگرچہ گاڑی کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے کے لیے ابتدا میں تقریباً نو سے 10 لاکھ روپے درکار ہوتے ہیں تاہم اسے استعمال کرنے والے ڈرائیوروں کے تجربات کے مطابق روزانہ زیادہ سفر کرنے والوں کے لیے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی ممکن ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی