کوپ 31 اجلاس: شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ملاقات، علاقائی صورت حال پر گفتگو

ترکی میں کوپ 31 اجلاس کے موقعے پر شہباز شریف نے سعودی وزیر توانائی، بنگلہ دیشی وزیر اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقاتیں کیں۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان 11 نومبر، 2026 کو ترکی میں کوپ 31 موسمیاتی سربراہی اجلاس کے موقعے پر (وزیر اعظم آفس)

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بدھ کو ترکی میں کوپ 31 موسمیاتی سربراہی اجلاس کے موقعے پر ملاقات میں علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

یہ بات وزیراعظم آفس نے ایک بیان میں بتائی۔ ملاقات ایک ایسے وقت پر ہوئی جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھی ہوئی ہے۔

خطے میں گذشتہ کئی ماہ سے امریکہ اور ایران کے درمیان محاذ آرائی جاری ہے، جس کے باعث سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

امریکی حملوں کے جواب میں ایران اور یمن میں اس کے اتحادی حوثی ملیشیا نے خطے کے مختلف ممالک اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بناتے ہوئے میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، جس سے وسیع تر تنازع پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

امریکہ اور ایران کے تنازعے میں اہم ثالث کا کردار ادا کرنے والا پاکستان تمام فریقوں پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔

اسلام آباد سعودی عرب اور خطے کے دیگر ممالک پر حملوں کی متعدد بار مذمت کر چکا ہے۔

وزیر اعظم آفس نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا ’وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ملاقات شروع ہو گئی ہے۔‘

’ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔

’دونوں رہنما علاقائی صورت حال کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔‘

شہباز شریف بدھ کو ترکی میں کوپ 31 (کانفرنس آف دی پارٹیز) کے 31ویں اجلاس میں شریک ہوئے، جہاں توقع ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر زیادہ مضبوط اقدامات اور بڑھتی ہوئی تباہ کن قدرتی آفات کا سامنا کرنے والے کمزور ممالک کی مدد کے لیے بین الاقوامی تعاون بڑھانے پر زور دیں گے۔

بیان کے مطابق شہباز شریف نے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے بھی ملاقاتیں کیں۔

فلسطین کے وزیر اعظم محمد مصطفیٰ سے ملاقات میں شہباز شریف نے حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے ترکی کی خاتون اول ایمنے اردوان، شام کے صدر احمد الشرع اور عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقاتیں کیں۔

بیان میں کہا گیا ’خوش گوار ماحول میں ہونے والی ان ملاقاتوں کے دوران وزیر اعظم اور عالمی رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔‘

وزیر اعظم آفس کے مطابق ’بات چیت میں اس اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ عالمی سطح پر ان ممالک کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا جائے جو موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔‘

یہ کانفرنس نو سے 20 نومبر تک انطالیہ میں ہو رہی ہے۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد کیا جا رہا ہے جب حکومتوں پر موسمیاتی تبدیلی سے متعلق وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور شدید موسمی حالات سے مطابقت پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے ممالک کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

پاکستان نے بین الاقوامی موسمیاتی مذاکرات میں فعال کردار ادا کیا ہے، جن میں 2022 میں کوپ 27 کے موقعے پر موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے فنڈ کے قیام میں معاونت کی کوششیں بھی شامل ہیں۔

توقع ہے کہ شہباز شریف صاف اور موسمیاتی اثرات کے مقابلے کی زیادہ صلاحیت رکھنے والی معیشت کی جانب منتقلی کے سلسلے میں پاکستان کی جانب سے شمسی توانائی کے استعمال کو تیز کرنے، قابل تجدید توانائی کی صلاحیت بڑھانے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور پیشگی انتباہی نظام کو مضبوط بنانے کے اقدامات کو اجاگر کریں گے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات