راولپنڈی ٹیسٹ: سری لنکن بیٹرز کا راج، پاکستانی بولرز بری طرح ناکام

ڈی سلوا اور مینڈس کی شاندار سینچریوں کی بدولت سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک چار وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنا لیے۔

کوسل مینڈس (بائیں) 11 نومبر، 2026 کو راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سینچری مکمل کرنے کے بعد دھننجایا ڈی سلوا کے ساتھ جشن منا رہے ہیں (اے ایف پی)

دھننجایا ڈی سلوا اور کوسل مینڈس کی شاندار سینچریوں کی بدولت سری لنکا نے بدھ کو راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک چار وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنا لیے۔

ڈی سلوا 167 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مینڈس 117 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے آج ثابت قدمی سے پانچویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 249 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستانی بولرز کو پریشان کیے رکھا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

سری لنکا اب پاکستان کے پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز (ڈکلیئر) سے صرف 30 رنز پیچھے رہ گیا ہے۔

مینڈس نے سیریز سے قبل ڈی سلوا سے قیادت سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں بطور کپتان سینچری بنانے والے پہلے سری لنکن کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

پاکستان کے خلاف سری لنکا کی پانچویں وکٹ کے لیے یہ سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ تھلان سماراویرا اور تلکارتنے دلشان کے پاس تھا، جنہوں نے 2009 میں لاہور میں 207 رنز بنائے تھے۔

ڈی سلوا کو 38 رنز پر اس وقت ایک موقع ملا جب تیز بولر رضا اللہ کی گیند پر سعود شکیل نے ان کا کیچ چھوڑ دیا۔

انہوں نے اس موقعے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اب تک 241 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 20 چوکے لگا چکے ہیں۔

مینڈس نے زیادہ جارحانہ انداز اپنایا اور اپنی اننگز میں چار چھکے اور 10 چوکے لگائے۔ سری لنکا نے دن بھر میں 290 رنز بنائے، تاہم خراب روشنی کے باعث مقررہ وقت سے 15 منٹ پہلے کھیل ختم کر دیا گیا۔

ڈی سلوا نے سپنر عرفات منہاس کی گیند پر چوکا لگا کر اپنی 14ویں ٹیسٹ سینچری مکمل کی۔ یہ پاکستان کے خلاف ان کی چوتھی اور اس میدان پر دوسری سینچری ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی بولرز کے لیے سخت محنت سے بھرے دن کے اختتام پر محمد عباس نے 64 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیبیو کرنے والے ثاقب خان نے 105 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا نے دن کے پہلے سیشن میں صرف ایک وکٹ گنوائی۔ اس دوران ڈی سلوا اور کمیندو مینڈس نے چوتھی وکٹ کے لیے 90 رنز کی شراکت قائم کی اور یوں سری لنکا نے گذشتہ روز کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔

کمیندو نے اپنی آٹھویں ٹیسٹ نصف سینچری مکمل کی، تاہم محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر غازی غوری کو کیچ دے بیٹھے، جس کے بعد سری لنکا کا سکور چار وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز ہو گیا۔

کمیندو نے 131 گیندوں پر 58 رنز بنائے، جن میں آٹھ چوکے شامل تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بھی راولپنڈی میں 17 نومبر سے شروع ہوگا۔ یہ میچ خراب موسم کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ