پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی انتظامیہ نے بدھ کو بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو گزشتہ شب اڈیالہ جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں آنکھ میں انجیکشن لگانے کے بعد طبیعت مستحکم ہونے پر ڈسچارج کر دیا گیا، جس پر ان کی جماعت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عمران خان 2023 سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں متعدد مقدمات میں قید ہیں اور ان کی صحت اور جیل کی صورت حال پر ان کی جماعت، حامیوں اور انسانی حقوق کے مبصرین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
پمز انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق عمران خان کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب راولپنڈی کی سینٹرل جیل اڈیالہ سے پمز منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے معالج ماہر امراض چشم کے مشورے پر ان کا طبی معائنہ اور آنکھوں کا مزید علاج کیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان کے مطابق: ’طبی عمل سے قبل عمران خان کا عمومی جسمانی معائنہ اور آنکھوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران ان کے جسم کے اہم طبی اشاریے معمول کے مطابق پائے گئے اور ان کی حالت مستحکم تھی۔‘
پمز انتظامیہ کے مطابق: ’ضروری رضامندی حاصل کرنے اور طبی نگرانی و احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بعد شعبہ امراض چشم کی ٹیم نے انہیں آنکھ کے اندرونی حصے میں اینٹی وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انجیکشن لگایا۔‘
اینٹی وی ای جی ایف آنکھ کے اندر لگایا جانے والا انجیکشن ہے، جو آنکھ کی بعض بیماریوں میں خون کی غیر معمولی شریانوں کی افزائش اور رطوبت کے اخراج کو روکنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ ’ہسپتال میں قیام کے دوران طبی عمل سے پہلے، اس کے دوران اور بعد میں عمران خان کی حالت مستحکم رہی۔‘ اور ’انہیں مزید نگہداشت اور فالو اَپ سے متعلق ضروری ہدایات دینے کے بعد تقریباً رات 2 بج کر 30 منٹ پر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔‘
دوسری جانب پی ٹی آئی نے عمران خان کی صحت، انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار اور ان کی حالت سے متعلق معلومات کی شفافیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے اہل خانہ، ذاتی معالجین اور قانونی ٹیم کو فوری اور بلا روک ٹوک رسائی دی جائے۔
عمران خان کے مشیر برائے بین الاقوامی تعلقات اور انٹرنیشنل میڈیا زلفی بخاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا: ’اطلاعات کے مطابق پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو گذشتہ رات گئے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا اور بعد ازاں واپس جیل بھیج دیا گیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا: ’اس صورت حال سے ان کی صحت، انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار اور ان کی حالت سے متعلق معلومات کی شفافیت کے حوالے سے انتہائی تشویش ناک سوالات جنم لیتے ہیں۔‘
زلفی بخاری کے مطابق: ’کسی انسان کی صحت کو سیاسی سودے بازی کا ذریعہ نہیں بنایا جا سکتا۔ نہ ہی کسی سابق وزیراعظم کے طبی علاج کو محض ایک رسمی کارروائی تک محدود کیا جا سکتا۔‘
ریاست کو عمران خان کی ’حفاظت اور صحت و سلامتی کی مکمل ذمہ دار‘ قرار دیتے ہوئے انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’اہل خانہ، ذاتی معالجین اور قانونی ٹیم کو فوری اور بلا روک ٹوک رسائی دی جانی چاہیے۔‘
بقول زلفی بخاری: ’عوام خاموشی نہیں بلکہ ان سوالات کے جواب چاہتے ہیں۔ عمران خان کی صحت اور سلامتی پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔‘