پاکستان کو 2035 تک صاف بجلی کے لیے 138 ارب ڈالر درکار ہوں گے: شہباز شریف

وزیر اعظم نے ترکی میں کوپ 31 اجلاس میں کہا کہ پاکستان کو 2035 تک کم کاربن اخراج کے ساتھ بجلی پیدا کرنے کے نظام کی ترقی کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو ترکی میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) میں کہا کہ پاکستان کو 2035 تک کم کاربن اخراج کے ساتھ بجلی پیدا کرنے کے نظام کی ترقی کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

انہوں نے اجلاس میں خطاب کے دوران پاکستان میں شمسی توانائی کے استعمال کی جانب تیزی سے ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کیا۔

تقریباً 200 ممالک کے سربراہان اور نمائندے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بحیرہ روم کے ساحلی شہر انطالیہ میں مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے جمع ہوئے۔

ایکس پر وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے ’35 بائی 35: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘ کے عنوان سے صاف توانائی کی جانب منتقلی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی مکالمے سے خطاب کیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

انہوں نے پاکستان میں شمسی توانائی کے بڑھتے ہوئے استعمال کو ایک بڑی تبدیلی قرار دیا، جس میں عام شہریوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا ’میرے ملک میں ایک غیر معمولی تبدیلی پہلے ہی رونما ہو چکی ہے۔‘ 

ان کا کہنا تھا پاکستان نے صرف دو سال میں چھتوں پر شمسی توانائی کے نظام کے ذریعے تقریباً 22 گیگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت نصب ہوئی۔

انہوں نے اس پیش رفت کو عوامی سطح پر برپا ہونے والا انقلاب قرار دیا، جس کے پیچھے سستی بجلی کے حصول اور توانائی کے صاف اور زیادہ قابل اعتماد مستقبل کی خواہش کارفرما ہے۔

انہوں نے ’35 بائی 35 عالمی برقی فراہمی کے عہد‘ کے لیے پاکستان کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ 

اس عہد میں شامل ممالک کا ہدف ہے کہ 2035 تک توانائی کے مجموعی حتمی استعمال میں بجلی کا حصہ بڑھا کر تقریباً 35 فیصد کر دیا جائے، جو بین الاقوامی موسمیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہے۔

ملک کے توانائی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتویں جوہری بجلی گھر چشمہ-5 کا حوالہ دیتے کہا کہ یہ منصوبہ قومی گرڈ کو 1,200 میگا واٹ صاف بجلی فراہم کرے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کے توانائی کے مجموعی نظام میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ اب تقریباً 55 فیصد ہو چکا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی ایک بڑی تبدیلی رونما ہو رہی ہے۔

وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی حال ہی میں تیار کی گئی آٹو موبائل پالیسی 2030 تک نئی گاڑیوں میں سے 30 فیصد کو برقی گاڑیوں میں تبدیل کرنے کے قومی ہدف کی حمایت کرتی ہے۔ 

اس مقصد کے لیے برقی گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرنے کی خاطر کم ٹیرف سمیت مختلف مراعات دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا ’حکومت کی تمام مستقبل کی بسیں اور موٹر سائیکلیں برقی ہوں گی۔ اس سال پہلی مرتبہ پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر 10 موٹر سائیکلوں میں سے ایک سے زیادہ برقی موٹر سائیکلیں تھیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس تبدیلی کو بڑھتی ہوئی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے خبردار کیا کہ اس پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر مالی معاونت درکار ہوگی۔

انہوں نے کہا ’یہ رفتار حقیقت ہے اور اس میں تیزی آ رہی ہے۔‘ انہوں نے زور دیا کہ مناسب مالی وسائل کے بغیر اس پیش رفت کو برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔

انہوں نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو تیزی سے وسعت دینے اور اسے قابل اعتماد بنانے، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام میں زیادہ سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی تک سستی رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔

تاہم انہوں نے نشاندہی کی کہ ترقی پذیر ممالک، جن میں سے بہت سے پہلے ہی بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، توانائی کے شعبے میں اس تبدیلی کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے کے حوالے سے سنگین مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کے مطابق پاکستان کو 2035 تک کم کاربن اخراج کے ساتھ بجلی پیدا کرنے کے نظام کی ترقی کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر درکار ہوں گے جبکہ کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی کی جگہ شمسی توانائی کے استعمال کے لیے مزید 50 ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے زور دیا کہ ’35 بائی 35‘ کا عالمی ہدف اسی صورت حاصل کیا جا سکتا ہے جب ممالک کے عزائم کے مطابق مالی معاونت فراہم کی جائے، جس میں رعایتی شرائط پر قرضے اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل ہو۔

انہوں نے کہا ’آئیے عہد کریں کہ ہم اپنی معیشتوں کو اس طرح توانائی فراہم کریں گے کہ ہمارے عوام غربت کا شکار نہ ہوں اور اپنے گھروں کو اس طرح روشن کریں گے کہ ہمارا سیارہ تاریکی میں نہ ڈوبے۔ 

’یہی ’35 بائی 35‘ کا وعدہ ہے اور یہ ایسا وعدہ ہے جسے ہمیں ہر حال میں مل کر پورا کرنا ہوگا۔‘

وزیر اعظم نے اعلیٰ سطحی مکالمے کے انعقاد پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کا ملک کوپ 31 کی صدارت کر رہا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات