برازیل: آگ لگنے کے باعث کلائمیٹ سمٹ کوپ 30 کا مقام خالی کروا لیا گیا

برازیل کے وزیر سیاحت نے اجلاس کے مقام پر صحافیوں کو بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کوئی زخمی نہیں ہوا۔

اے ایف پی فوٹیج سے لی گئے اس سکریب گریب میں 20 نومبر 2025 کو برازیل کے شہر بیلم میں کوپ 30 اجلاس کے مقام پر لگی آگ اور ریسکیو اہلکاروں کو دیکھا جا سکتا ہے (اے ایف پی)

برازیل کے شہر بیلم میں ہونے والی اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 30 کے مقام کے کچھ حصوں کو جمعرات کو آگ لگنے کی اطلاعات کے بعد خالی کروا لیا گیا ہے۔

برازیل کے وزیر سیاحت نے اجلاس کے مقام پر صحافیوں کو بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کوئی زخمی نہیں ہوا۔

سکیورٹی عملے نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ آگ لگنے کا الرٹ اس حصے سے آیا جہاں ممالک اور تنظیموں کے پبلک پویلین قائم ہیں۔

وفود، مبصرین اور صحافی اپنے بیگ اور سامان اٹھا کر فوری طور پر خارجی دروازے کی طرف بھاگے۔

پولیس نے متاثرہ حصے کے قریب کسی کو جانے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کر دیں، جبکہ پس منظر میں سائرن بجتے رہے۔

ٹی وی فوٹیج میں سابق ایئرپورٹ کی جگہ بنائے گئے کانفرنس سینٹر کے اندر شعلے اور دھواں اٹھتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

کوپ یعنی کانفرنس آف دی پارٹیز دنیا میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سب سے اہم اجلاسوں میں سے ایک ہے جس میں دنیا بھر کے 197 ملکوں کے نمائندے سر جوڑ کر بیٹھتے ہیں اور آلودگی اور ماحولیاتی تپش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے غور کرتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس مرتبہ کانفرنس آف دی پارٹیز کا 30واں اجلاس برازیل کے شہر بیلم میں ہو رہا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آگ لگنے کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دنیا بھر کے وزرا دو ہفتے کے اجلاس کے آخری دن فوسل فیولز، ماحولیاتی مالیات اور تجارتی اقدامات کے درمیان رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے مذاکرات میں مصروف تھے۔

تاہم روئٹرز کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں کہ اجلاس میں شریک مندوبین مذاکرات جاری رکھنے کے لیے فوراً واپس جائیں گے یا نہیں۔

اس حوالے سے برازیل کے وزیر سیاحت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’وہ نہیں جانتے کہ آیا مندوبین آج یا جمعہ کو مذاکرات دوبارہ شروع کر پائیں گے یا نہیں۔‘

کوپ 30 یہ سربراہی کانفرنس اصل میں جمعے کو ختم ہونا تھی، لیکن تقریباً 200 ممالک کے درمیان موسمیاتی مالیات میں اضافہ اور فوسل فیول سے مرحلہ وار دوری جیسے مسائل پر اتفاقِ رائے کے لیے بدھ کو مقرر کردہ اپنی ہی ڈیڈ لائن پوری نہ کر سکی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا